پاکستان

امریکیوں کو ویزوں کا اجراء: ’گیلانی کے خط میں کوئی غلط بات نہیں‘

سابق دورحکومت میں وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے وزارت خارجہ کو خط لکھا گیا، جس میں کوئی بھی غلط بات نہیں تھی، فرحت اللہ بابر

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے ترجمان سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا ہے کہ واشنگٹن میں تعینات سابق سفیر حسین حقانی کو ویزے جاری کرنے کے اختیار دیئے جانے سے متعلق افشا ہونے والے وزیراعظم ہاؤس کے خط میں کوئی نئی اور غلط بات نہیں۔

اپنے بیان میں فرحت اللہ بابر نے کہا کہ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے دور حکومت میں وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے وزارت خارجہ کو خط لکھا گیا، جس میں کوئی بھی غلط بات نہیں۔

خیال رہے کہ وزیر اعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز نے 2 دن قبل سینیٹ میں انکشاف کیا تھا کہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے دور میں وزارت داخلہ کی جانب سے لکھے گئے خط کے ذریعے واشنگٹن میں تعینات سفیر حسین حقانی کو ویزا جاری کرنے کا اختیار دیا گیا تھا۔

تاہم آج ڈان اخبار سمیت دیگر ملکی میڈیا میں چھپنے والی خبروں کے مطابق 2010 میں وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے سابق پرنسپل سیکریٹری نرگس سیٹھی کے دستخط کے حامل خط کے ذریعے سابق سفیر حسین حقانی کو ویزا جاری کرنے کا اختیار دیا گیا۔

پیپلز پارٹی کے ترجمان نے اپنے بیان میں پارٹی کے سابق وزیراعظم کے دفتر کی جانب سے یہ خط لکھے جانے یا نہ لکھے جانے کے حوالے سے واضح طور پر تردید یا تصدیق نہیں کی، تاہم انہوں نے افشا ہونے والے خط میں تحریر باتوں پر اظہار خیال کیا۔

فرحت اللہ بابر نے کہا کہ خط کے مطابق وزیراعظم کی جانب سے ویزا جاری کرنے کا اختیار سفیر کو دیا گیا تھا، مگر اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ سفارت خانے نے دیگر متعلقہ اداروں کی مداخلت کے بغیر ویزا حاصل کرنے والوں کو پاکستان کا سفر کرنے کی اجازت دی ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: 'حسین حقانی کو ویزا جاری کرنے کا اختیار یوسف گیلانی نے دیا'

ان کا کہنا تھا کہ سابق سفیر کو اُن امریکیوں کو ویزا جاری کرنے کا اختیار دیا گیا تھا، جنہوں نے اپنے سفر سے متعلق مکمل وضاحت کی تھی اور جنہیں امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے تحریری طور پر اجازت دی گئی تھی، جب کہ اس کا مقصد عمل کو تیز کرنا تھا، نہ کہ کسی طریقہ کار کو بائی پاس کرنا تھا۔

ترجمان پیپلز پارٹی کے مطابق لیک ہونے والے سابق وزیراعظم کے خط کے پیچھے سیاسی محرکات ہیں، جس کا مقصد اصل مسائل سے توجہ ہٹانا ہے۔

فرحت اللہ بابر نے دلیل دی کہ بیرون ممالک میں موجود سفارت خانے اپنے ملک کی سیکیورٹی ایجنسیز سمیت حکومت کے تمام اداروں کی ترجمانی کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ سوال اہم نہیں ہے کہ کس وجہ سے امریکیوں کو ویزے جاری کیے گئے جنہوں نے بالآخر القاعدہ سربراہ اسامہ بن لادن کو نشانہ بنایا، بلکہ جواب طلب سوال یہ ہے کہ عالمی سطح پر ایک دہائی تک دہشت گردی کرنے والا اسامہ بن لادن کنٹونمنٹ ایریا میں کس طرح رہائش اختیار کیے ہوئے تھا؟

پیپلز پارٹی کے ترجمان نے مطالبہ کیا کہ 2001 سے ویزوں کے اجراء اور طریقہ کار سے متعلق تحقیقات کی جائیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس بات کی بھی تحقیقات کی جائیں کہ مشرف دور میں بلوچستان کے شمسی ایئر بیس کو امریکا کے حوالے کرنے کے بعد کتنے امریکی ویزا اور کتنے بغیر ویزا کے پاکستان میں داخل ہوئے؟

سینیٹر فرحت اللہ بابر نے مطالبہ کیا کہ اسامہ بن لادن کے حوالے سے ایبٹ آباد کمیشن کو بھی منظر عام پر لایا جائے۔

فرحت اللہ بابر کے مطابق قومی سلامتی صرف اُس وقت فائدہ مند ہوسکتی ہے جب ویزا پالیسی کی غیر جانبدار تحقیقات کی جائیں گی، جب کہ حکومت کی جانب سے مخصوص افراد کو سیاسی مقاصد کے لیے نشانہ بنانا قومی سلامتی کے لیے اچھا ثابت نہیں ہوگا۔