پاکستان

خدمات کا اعتراف:مختلف شخصیات کو اعزازات سے نوازنے کی تقریب

صدر ممنون حسین نے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات سرانجام دینے والی کئی شخصیات کو ایوارڈز اور میڈل سے نوازا۔

اسلام آباد: صدر ممنون حسین نے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات سرانجام دینے والی کئی شخصیات کو ایوارڈز اور میڈل سے نوازا۔

ایوارڈز اور میڈلز دینے کی تقریب ایوان صدر اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔

بہادری و شجاعت پر محمد طاہر رائے کو ’ہلال شجاعت‘ دیا گیا۔

بایولوجی کے شعبے میں خدمات پر پروفیسر ڈاکٹر محمد اشرف، بائیو کیمسٹری میں پروفیسر ڈاکٹر وسیم احمد مکینیکل انجیئرنگ کے شعبے میں طارق احمد کو ان کی خدمات پر ’ہلال امتیاز‘ سے نوازا گیا۔

آنجہانی لیف ہولگر لارسِن کو پاکستان کے لیے خدمات پر ’ستارہ پاکستان‘ دیا گیا۔

’ستارہ شجاعت‘ بریگیڈیئر خالد فرید کو ان کی بہادری پر دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: یوم پاکستان: ’23مارچ تاریخ کا ناقابلِ فراموش دن‘

معروف سِتار نواز استاد رئیس خان، وائلَنسٹ رئیس احمد اور موسیقار محسن رضا کو ’ستارہ امتیاز‘ سے نوازا گیا۔

سرفراز شاہد اور پروفیسر ڈاکٹر محمد قاسم بُگھیو کو ادب، خورشید احمد ندیم کو ادب (صحافت) اور عالمگیر انور شیخ کو کھیل (اسنوکر) کے شعبوں میں خدمات پر ’تمغہ حسن کارکردگی‘ سے نوازا گیا۔

’تمغہ شجاعت‘ پانے والوں میں فضلی نعیم، لیاقت علی، بریگیڈیئر عمران مشتاق، راجہ شہباز خان، لیفٹیننٹ کرنل عامر نوید حسین، زاہد جمال، محمد اقبال، راجہ عمر خطاب عزیزاللہ خان، سید بلال احمد اور ریاض احمد شہید شامل ہیں۔

سائنس کے شعبے میں خدمات پر پروفیسر نوید امام سید، ادب میں محمد حمید شاہد، اور پبلک سروس کے شعبے میں شاہ روم صفدر خٹک و محمد مشتاق احمد کو ’تمغہ امتیاز‘ سے نوازا گیا۔