کھیل

پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف ہاکی سیریز جیت لی

پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف آخری میچ ڈرا کر کے پانچ میچوں کی سیریز 2-1 سے جیت لی۔

پاکستان ہاکی ٹیم نے شائقین کو 23 مارچ کا تحفہ دیتے ہوئے نیوزی لینڈ کے خلاف آخری میچ ڈرا کر کے سیریز جیت لی۔

ویلنگٹن میں کھیلے گئے پانچ میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ ہوا جہاں تین کوارٹرز تک دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کے گول پر حملے کرتی رہیں مگر کامیاب نہ ہوسکیں۔

کھیل کے چوتھے کوارٹر میں محمد عرفان جونیئر نے پاکستان کو برتری دلائی لیکن کچھ ہی منٹ بعد نیوزی لینڈ نے اسکوربرابر کردیا جو میچ کے اختتام تک برقرار رہا۔

سیریز کے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ نے فتح حاصل کر کے برتری لی تھی جبکہ دوسرا میچ ڈرا پر منتج ہوا تھا البتہ تیسرے میچ میں ابوبکر محمود کی ہیٹ ٹرک کی بدولت پاکستان نے 4-2 سے کامیابی حاصل کر کے سیریز برابر کردی تھی۔

پاکستان نے گزشتہ روز کھیلے گئے چوتھے میچ میں کپتان حسیم کی عمدہ کارکردگی کی بدولت 2-1 سے فتح حاصل کر کے سیریز میں برتری حاصل کی تھی اور اور آخری میچ ڈرا کر کے پانچ میچز کی سیریز دو ایک سے جیت لی۔

پاکستان ہاکی ٹیم اب اپنی اگلی سیریز آسٹریلیا میں کھیلے گی۔