یوم پاکستان : ’23مارچ تاریخ کا ناقابلِ فراموش دن‘
اسلام آباد: ملک بھر میں 77 ویں یوم پاکستان کے موقع پر چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں میں خصوصی تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔
ملک بھر میں اس عزم کی تجدید کے ساتھ تقریبات ترتیب دی گئیں کہ انتہا پسند اور دہشت گرد قوتوں کوشکست دے کر ملک کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے پوری لگن سے کام کیا جائے گا۔
یوم پاکستان کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے ہوا، نماز فجر کے بعد مسجدوں میں ملک کی ترقی، خوشحالی، سلامتی اور امن کے لیے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا۔
یوم پاکستان پر سب سے بڑے شہر کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ اور راولپنڈی سمیت ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں تقاریب کا اہتمام کیا گیا، جب کہ اس موقع سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔
آج سے 77 سال قبل 1940ء کو اس دن لاہور کے منٹوپارک میں مسلم لیگ کے اجتماع میں تاریخی قرارداد پاکستان کی منظوری دی گئی جس کی وجہ سے جنوبی ایشیا کے مسلمانوں کیلئے ایک الگ وطن کے قیام کی راہ ہموار ہوئی۔
پاکستان میں حکومتی سطح پر ہر سال 23 مارچ کو تقریبات منعقد کی جاتی ہیں، جب کہ فوجی پریڈ کو تقریبات میں منفرد اہمیت حاصل ہے۔