بھارت پاکستان پر حملے کا آغاز کرسکتا ہے، ماہرین کا خدشہ
واشنگٹن: ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ بھارت پاکستان کی جانب سے جوہری حملے کے امکانات کو رَد کرنے کے لیے خود پاکستان کے خلاف جوہری ہتھیار کا استعمال کرسکتا ہے۔
واشنگٹن میں میساچوسٹس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (ایم آئی ٹی) میں سیمنار سے خطاب کرتے ہوئے بھارت سے تعلق رکھنے والے جوہری اسٹریٹجسٹ وپن نارنگ کا کہنا تھا کہ 'بھارت کبھی بھی پاکستان کو پہلے حملہ کرنے کی اجازت نہیں دے گا'۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق وپن نارنگ نے مزید خبردار کیا کہ 'بھارت کی جانب سے حملے کا آغاز روایتی اسٹرائکس جیسا بھی نہیں ہوگا جس سے صرف نصر کی بیٹریوں کو نقصان پہنچے'۔
خیال رہے کہ 'نصر' پاکستان افواج کی جانب سے جوہری ہتھیاروں کو ہدف تک لے جانے والی خصوصی سواری کا نام ہے۔
ڈاکٹر نارنگ کا کہنا تھا کہ 'بھارت ایک بھرپور کاؤنٹر فورس اسٹرائک سے حملہ کرے گا جس کا مقصد پاکستان کو اس کے جوہری ہتھیاروں سے مکمل طور پر محروم کرنے کی کوشش ہوگا'۔
یہ بھی پڑھیں: جوہری پزل : پاکستان، چین، بھارت اور امریکا اہم ترین کڑیاں
انہوں نے مزید کہا کہ نئی دہلی کے پالیسی ساز جوہری توانائی کے استعمال کا فیصلہ کرچکے ہیں تاکہ بھارت کو چھوٹے موٹے حملوں میں مصروف نہ ہونا پڑے اور اس کے جوہری ہتھیار محفوظ رہیں'۔
وپن نارنگ کے مطابق وہ یہ تجزیہ بھارت کرناد یا ریٹائرڈ انڈین آرمی کے افسران کے بیانات پر پیش نہیں کررہے، بلکہ ان کا یہ تجزیہ ان معلومات پر مبنی ہے جو انہیں سابق اسٹریٹجک فورسز کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل بی ایس ناگل اور طاقتور سابق قومی سلامتی کے مشیر شیو شنکر مینن سے حاصل ہوئیں۔
ڈاکٹر وپن نارنگ نے امکان ظاہر کیا کہ 'ہم بھارت کی جوہری حکمت عملی پاکستان اور چین کے درمیان تقسیم ہوتی دیکھ سکتے ہیں، چین کے جوابی حملے بھارت کو مزید مشتعل حکمت عملیوں کے استعمال کی جانب دھکیل سکتے ہیں، جن میں پاکستان کے خلاف شدید برتری کی کوشش اور 'بھرپور حملے کا آغاز' شامل ہیں'۔
مزید پڑھیں: بھارت کے میزائل ٹیسٹ پر چینی اخبار کا انتباہ
ڈاکٹر وپن نارنگ کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان جاری کشیدگی کے حوالے سے لگائے جانے والے روایتی اندازے اب درست ثابت نہیں ہوں گے۔
کانفرنس سے خطاب میں ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت خود پر کسی جوہری حملے کے خدشے کی صورت میں اپنی پہلے حملہ نہ کرنے کی پالیسی تبدیل کرسکتا ہے، تاہم پہلا بھارتی حملہ پاکستان کے شہری مراکز کے بجائے جوہری تنصیبات کی جانب ہوگا۔
دوسری جانب واشنگٹن کے جوہری ماہرین خبردار کرتے ہیں کہ جوہری تنصیبات پر ہونے والا حملہ اتنا ہی خطرناک ہوگا جتنا کسی آبادی پر ہونے والا حملہ ہوسکتا ہے۔
ماہرین نے اس بات کی نشاندہی بھی کی کہ پاکستان زمین کی ایک مختصر پٹی پر واقع ہے اور اس کی جوہری تنصیبات شہری علاقوں سے زیادہ دور نہیں۔