وائی ٹرائب کا پاکستان میں 4.5 جی سروس کا اعلان
اسلام آباد: انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والی کمپنی وائی ٹرائب نے اعلان کیا ہے کہ وہ جلد پاکستان میں پہلی بار 4.5 جی سروس متعارف کروانے جارہی ہے، جس کا آغاز جون 2017 تک کردیا جائے گا۔
یہ سروس ملک کے پانچ شہروں میں متعارف کروائی جائے گی۔
رپورٹس کے مطابق وائی ٹرائب نے چینی کمپنی ہیواوے کے ساتھ 15 ملین ڈالر (ڈیڑھ کروڑ ڈالر) کی پارٹنر شپ کی ہے جس کے ذریعے 5 شہروں میں 4.5 جی سروس فراہم کی جائے گی، ان شہروں میں اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، کراچی اور فیصل آباد شامل ہیں۔
اس سروس کی جانچ سب سے پہلے اسلام آباد کے ہیڈ آفس میں کی جائے گی، جس کے بعد اسے مکمل طور پر لانچ کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ حکومت پرانی 4 جی اسپیکٹرم کی نیلامی کی تیاریاں کررہی ہے۔
4 جی سروس میں ایک سیکنڈ کے اندر 1 جی بی ڈیٹا فراہم کرنے کی صلاحیت ہے، جبکہ وائی ٹرائب اپنی نئی سروس کے ذریعے 100 ایم بی پی ایس کا کنیکشن فراہم کرے گا جسے 2018 کے آخر تک مزید بہتر کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ وائی ٹرائب سروس پاکستان میں 2009 میں لانچ ہوئی، جو پانچ شہروں میں انٹرنیٹ سروس فراہم کررہی ہے۔