تمباکو نوشی کے خطرات سے بچنا چاہتے ہیں؟
اگر تو آپ تمباکو نوشی کے عادی ہیں تو پھیپھڑوں کے جان لیوا امراض سے بچنے کے لیے ضروری ہے کہ زیادہ سے زیادہ پھل اور سبزیاں کھائیں۔
یہ بات سوئیڈن میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔
کیرولینسکا انسٹیٹوٹ کی تحقیق میں بتایا گیا کہ روزانہ پھل اور سبزیوں کا استعمال پھیپھڑوں کے خطرناک امراض کا خطرہ چالیس فیصد تک کم کردیتا ہے۔
فائیو اے ڈے نامی اصول کے تحت پھلوںاور سبزیوں کا استعمال ان امراض سے بچاتا ہے اور ان کا اضافی استعمال یہ خطرہ مزید کم کردیتا ہے۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ تمباکو نوشوں کو جتنا زیادہ ہوسکے پھلوں اور سبزیوں کا استعمال کرنا چاہئے، وہ جتنا زیادہ کھائیں گے پھیپھڑوں کے امراض کا خطرہ کم ہوتا جائے گا۔
یہ غذا نہ صرف پھیپھڑوں بلکہ شریانوں کے امراض، کینسر کے خطرے سے بچانے کے ساتھ ساتھ جسمانی وزن کو کنٹرول میں رکھنے میں بھی مدد دیتی ہے۔
تمباکو نوشی کی عادت کے نتیجے میں متعدد امراض کا خطرہ لاحق ہوتا ہے جن میں پھیپھڑوں کے امراض سب سے زیادہ نمایاں ہیں۔
اس تحقیق کے دوران چالیس ہزار سے زائد افراد کے ڈیٹا کا جائزہ 14 سال تک لیا گیا۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ پھلوں اور سبزیوں کا روزانہ استعمال اس عادت کے نتیجے میں لاحق ہونے والے خطرات سے تحفط دیتا ہے۔