کاروبار

موبی لنک کی جازٹیوب کے نام سے اسٹریمنگ سروس متعارف

اس اسٹریمنگ سروس میں ہولی وڈ، بولی وڈ فلمیں، ٹی وی ڈرامے، میوزک ویڈیوز، اسلامک ویڈیوز وغیرہ کو دیکھا جاسکتا ہے۔

موبائل فون کمپنی موبی لنک نے پاکستان میں جاز ٹیوب کے نام پر اسٹریمنگ سروس متعارف کرائی ہے جسے اس نے یوٹیوب جیسی سروس قرار دیا ہے۔

پرو پاکستانی کی رپورٹ کے مطابق اس اسٹریمنگ سروس میں ہولی وڈ، بولی وڈ فلمیں، ٹی وی ڈرامے، میوزک ویڈیوز، اسلامک ویڈیوز اور بچوں کے لیے ایک سیکشن مختص کیا گیا ہے جہاں کارٹون فلمیں اور دیگر پروگرامزرکھے گئے ہیں۔

پاکستان میں کسی موبائل فون کمپنی کی جانب متعارف کرائی جانے والی اپنی نوعیت کی پہلی اس سروس میں ایک دن مفت ٹرائل کی پیشکش کی گئی ہے جبکہ صارفین اس کے بعد اپنی پسند کے مطابق پیکج کا انتخاب کرسکتے ہیں۔

صارفین کے لیے جاز ٹیوب میں تین پیکج دستیاب ہیں، جن میں سے ایک آٹھ روپے روزانہ، دوسرا تیس روپے فی ہفتہ جبکہ تیسرا 199 روپے ماہانہ ہے۔

اس سروس کے لیے حصول کے لیے M لکھ کر 4372 پر ایس ایم ایس کریں گے جبکہ یہ ایپ آئی او ایس اور اینڈرائیڈ صارفین کے لیے دستیاب ہے۔

ایپ پیج کے مطابق ڈیٹا استعمال کرنے پر کوئی چارج نہیں کیا جائے گا۔

بظاہر یہ دنیا بھر میں مقبول نیٹ فلیکس اور آئی فلیکس جیسی سروس ہے جس مین آپ لاتعداد ایچ ڈی فلمیں صرف آٹھ روپے روزانہ خرچ کرکے دیکھ سکتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق فی الحال اس سروس میں مواد محدود ہے تاہم بتدریج جب اس مسئلے کو حل کردیا جائے گا تو یہ کامیاب سروس ثابت ہوسکے گی۔

اور ہاں جاز ٹیوب نامی یہ صرف صرف جاز پری پیڈ صارفین تک محدود ہے۔