کھیل

پاکستان، نیوزی لینڈ کے درمیان ہاکی سیریز برابر

ہاکی سیریز کے تیسرے میچ میں پاکستانی ٹیم نے ابومحمود کی ہیٹ ٹرک کی بدولت نیوزی لینڈ کو 4-2 سے ہرادیا۔

پاکستانی ہاکی ٹیم نے نیوزی لینڈ کو سیریز کے تیسرے میچ میں 4-2 سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کردی۔

پاکستانی ٹیم نے سیریز میں 0-1 کے خسارے کے باوجود تیسرے میچ میں آغاز سے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا اور میچ پر اپنی گرفت مضبوط رکھی جبکہ کامیاب پنالٹی کارنر کی بدولت جیت ممکن ہوئی۔

ویلنگٹن میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں بھی پاکستانی ٹیم نے شاندار واپسی کرتے ہوئے میچ کو 2-2 سے برابر کردیا تاہم اس میچ میں پاکستان نے کئی پنالٹی کارنر ضائع کردیے تھے۔

مزید پڑھیں:پاکستان کا نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرا ہاکی میچ برابر

پاکستانی ٹیم نے تیسرے میچ کے پہلے ہاف ٹائم کے چھٹے منٹ میں کپتان عبدالحسیم خان کی جانب پنالٹی کارنر پر کیے گئے گول کی بدولت 1-0 کی برتری حاصل کی تھی۔

ابو محمود نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ہیٹ ٹرک بھی مکمل کی اور ٹیم کو فتح سے ہم کنار کیا۔

میچ کے 35 ویں منٹ میں محمود نے ٹیم کے لیے دوسرا گول کیا تاہم کیویز نے 45 ویں منٹ میں کورے بینیٹ کے گول کی بدولت خسارے کو کم کیا تاہم مقررہ وقت تک صرف دو گول کرنے میں کامیاب ہوئے۔

پاکستانی ٹیم نے میچ کا اختتام 4 گول پر کیا اور دو گول کی برتری سے میچ میں کامیابی اپنے نام کی اور سیریز بھی برابر کردی۔