لائف اسٹائل

شاہ رخ بچوں کے لیے سیگریٹ چھوڑنے کے لیے تیار

وہ اپنے بچوں کے ساتھ زیادہ وقت گزارنے کی غرض سے تمباکو اور شراب نوشی چھوڑنے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔

یہ بات تو سب کو معلوم ہے کہ بولی وڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان اپنے بچوں کو بہت زیادہ چاہتے ہیں اور ان کے ساتھ وقت گزارنا پسند کرتے ہیں مگر ان کے لیے کنگ خان نے مشکل ترین عادت چھوڑنے کا اعلان کیا ہے۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق ایک تقریب کے دوران شاہ رخ خان نے انکشاف کیا کہ وہ اپنے بچوں کے ساتھ زیادہ وقت گزارنے اور صحت مند طرز زندگی اپنانے کی غرض سے تمباکو اور شراب نوشی چھوڑنے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پچاس سال کی عمر میں 4 سالہ بیٹے ابراہم کی موجودگی ایک اچھی چیز ہے جس نے مجھے دوبارہ سے زندہ کردیا ہے اور اس سے مجھے مختلف انداز سے محبت اور معصومیت کو دیکھنے کا موقع ملا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ اگلے بیس سے پچیس سال اپنے بچوں کے ساتھ گزارانا چاہتے ہیں اور صحت مند طرز زندگی کو اپنا چاہتے ہیں۔

شاہ رخ خان کے مطابق ' کیا میں اپنے بچوں کے ساتھ پرانی عادتیں شیئر کرنا چاہوں گا؟ ہاں یہ فکرمندی کا باعث ہے، یہی وجہ ہے کہ میں نے تمباکو نوشی اور دیگر عادتوں کو چھوڑنے کی منصوبہ بندی اور صحت مند اور خوش باش زندگی گزارنے کی کوشش شروع کردی ہے'۔

شاہ رخ کے والدین کا انتقال اس وقت ہوگیا تھا جب ان کی عمر پندرہ سال تھی ' میں نہیں چاہتا کہ میرے بچے ایسا سوچیں کہ میں ان کے ساتھ نہیں'۔