شرجیل میمن کی وطن آتے ہی گرفتاری و رہائی
سابق صوبائی وزیر کو نیب نے گزشتہ رات اسلام آباد ایئرپورٹ سے گرفتار کرکے 2 گھنٹے کی تفتیش کے بعد رہا کردیا۔
اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما اور سندھ کے سابق وزیر شرجیل میمن کو قریبا 2 سال بعد وطن واپس آتے ہی ایئرپورٹ سے گرفتار کرنے کے بعد رہا کردیا گیا۔
شرجیل انعام میمن نے 2015 میں خود ساختہ جلا وطنی اختیار کرلی تھی، قریبا 2 سال تک وہ بیرون ملک رہنے کے بعد 18 اور 19 مارچ کی درمیانی شب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد پہنچے تو انہیں قومی احتساب بیورو (نیب) کے اہلکاروں نے ایئرپورٹ سے ہی گرفتار کرلیا۔
ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق نیب راولپنڈی کے اہلکاروں نے شرجیل میمن سے 2 گھنٹے پوچھ گچھ کرنے اور ضمانتی کاغذات دیکھنے کے بعد رہا کردیا۔
خیال رہے کہ سابق صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن 20 مارچ 2017 تک اسلام آباد ہائی کورٹ کی حفاظتی ضمانت پر تھے، انہیں عدالت میں پیش ہونا تھا۔