ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے ویسٹ انڈین ٹیم کااعلان
ویسٹ انڈیز نے پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے 16 رکنی ٹیم کا اعلان کردیا ہے جس میں کیرون پولارڈ، سنیل نرائن اور سیموئیل بدری کو بھی شامل کیا گیا ہے تاہم چمپیئن کپتان ڈیرن سیمی جگہ بنانے میں ناکام رہے۔
پاکستانی ٹیم رواں ماہ ویسٹ انڈیز کے دورے پر روانہ ہوگی جہاں پہلے مرحلے میں 4 ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے جائیں گے۔
ویسٹ انڈیز نے ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے جیسن محمد سمیت 4 نئے کھلاڑیوں کو بھی شامل کرلیا ہے جبکہ تجربہ کار آل راؤنڈر ڈوون براوو اور جانسن چارلس کو اسکواڈ میں شامل نہیں کیا ہے۔
ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے ماہر سمجھے جانے والے جارح مزاج بلےباز کرس گیل ایک مرتبہ پھر ویسٹ انڈین ٹیم میں منتخب نہیں ہوسکے۔
پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) 2017 کے فائنل میں شرکت کے لاہور آنے والے چمپیئن کپتان ڈیرن سیمی بھی ٹیم میں جگہ نہ بنا سکے تاہم ایک مرتبہ پھر پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کرنے والے مارلن سیموئلز کو ٹیم کا حصہ بنادیا گیا ہے۔
ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے ویسٹ انڈیز کی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگی۔
کارلوس بریتھویٹ (کپتان)، سیموئیل بدری، جوناتھن کارٹر، آندرے فلیچر، جیسن ہولڈر، ایون لیوس، جیسن محمد، سنیل نرائن، ویراسیمی پرموئیل، کیرون پولارڈ، رومان پاؤل، مارلن سیمیولز، لینڈل سمنز، جیروم ٹیلر، والٹن، کیسوک ولیمز
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سیریز کا پہلا میچ 26 مارچ کو کنگسٹن اوول، بارباڈوس میں کھیلا جائے گا جس کے بعد دوسرا میچ 30 مارچ کو اور تیسرا میچ یکم اپریل کوئنزپارک اوول، ٹرینیڈاڈ اوول میں ہوگا۔
سیریز کا چوتھا اور آخری ٹی ٹوئنٹی 2 اپریل کو کوئنزپارک اوول، ٹرینیڈاڈ اوول میں ہی کھیلا جائے گا۔
ویسٹ انڈیز اور پاکستان کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کے علاوہ 3 ایک روزہ اور 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز بھی کھیلی جائے گی۔