پاکستان

چینی کمپنی کا سندھ میں انٹرسٹی بس سروس کا اعلان

شنگھائی شین لانگ ٹرانسپورٹ کمپنی لمیٹڈ نے 'بہت جلد' کراچی میں بھاری گاڑیوں کا اسمبلی پلانٹ لگانے کا بھی وعدہ کیا ہے۔

کراچی: ایک چینی ٹرانسپورٹ کمپنی نے سندھ کے 5 شہروں میں انٹرسٹی بس سروس کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔

ڈان اخبار کی ایک رپورٹ کے مطابق چینی کمپنی نے 'بہت جلد' کراچی میں بھاری گاڑیوں کا اسمبلی پلانٹ لگانے کا بھی وعدہ کیا ہے۔

مینیجنگ ڈائریکٹر زو زینگ پینگ کی سربراہی میں شنگھائی شین لانگ ٹرانسپورٹ کمپنی لمیٹڈ کے ایک وفد نے وزیر صنعت منظور وسان سے ان کے دفتر میں ملاقات کی، جس کے بعد اس فیصلے کا اعلان کیا گیا۔

مزید پڑھیں: ایران کی کراچی کیلئے 200 بسیں دینے کی پیشکش

اس حوالے سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ 'چینی کمپنی شنگھائی شین لانگ ٹرانسپورٹ کمپنی سندھ کے 5 شہروں کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ اور خیرپور میں انٹرسٹی بسیں متعارف کروائے گی'۔

گذشتہ برس دسمبر میں ایران نے بھی کراچی کے لیے 200 بسیں دینے کی پیشکش کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی والے چنگچی پر گزارا کریں

سندھ کے وزیر برائے ٹرانسپورٹ ناصر حسین شاہ نے ایرانی قونصل جنرل کی جانب سے ٹرانسپورٹ کے مختلف شعبوں میں مدد کرنے اور کراچی میں عوامی سفر کی سہولیات بہتر بنانے کے لیے 200 بسوں کی پیشکش کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ عوام کو جدید ٹرانسپورٹ کی سہولیات مہیا کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے کئی منصوبوں پر کام جاری ہے۔