پاکستان

ملک میں 19 سال بعد چھٹی مردم شماری

پہلے مرحلے میں ملک کے 63 اضلاع میں مردم و خانہ شماری ہوگی، چیف شماریات آصف باجوہ

ملک بھر میں 19 سال کے بعد چھٹی مردم و خانہ شماری کا آغاز ہوگیا۔

چیف شماریات آصف باجوہ نے ڈان کو بتایا کہ شمار کنندہ عملے میں مختلف محکموں کے 1 لاکھ 18 ہزار افراد شامل ہیں جن میں پاکستان شماریات بیورو سے تعلق رکھنے والا عملہ بھی شریک ہے، جبکہ ان تمام افراد کو مردم شماری کے لیے خصوصی تربیت فراہم کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں ملک کے 63 اضلاع میں ہونے والی مردم شماری میں 1 لاکھ 75 ہزار فوجی اہلکاروں کو بھی تعینات کیا گیا ہے، جو شمار کرنے کے ساتھ ساتھ سروے کرنے والے عملے کو سیکیورٹی بھی فراہم کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ملک کے 63 اضلاع میں مردم شماری کا آغاز

خیال رہے کے مردم شماری کا پہلا مرحلہ 15 اپریل تک مکمل ہوجائے گا، جبکہ دوسرے مرحلے کا آغاز 25 اپریل سے ہوگا جو 25 مئی تک جاری رہے گا۔

مردم شماری کے دوسرے مرحلے میں 87 اضلاع کو شمار کیا جائے گا، جبکہ مردم شماری کی رپورٹس 2 ماہ میں مکمل کرلی جائیں گی۔

چیف شماریات کا مزید کہنا تھا کہ مردم شماری کے اصل پلان میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔