ڈاؤن سنڈروم کی شکار دنیا کی پہلی ’ویدر گرل‘
میلانی سیگارڈ کا تعلق فرانس سے ہے، 21 سالہ میلانی ڈاؤن سنڈروم کا شکار ہیں، لکھنا اور بولنا نہیں جانتیں مگر نیوز بلیٹن میں موسم کا حال بتانے کے شوق نے انہیں بالآخر 'ویدر گرل' بنا دیا۔
میلانی کی یہ خواہش مشکل تو تھی لیکن فیس بک اور فلاحی ادارے یوناپی نے اسے آسان کردیا، یوں میلانی نے فرانس کے نشریاتی ادارے 'فرانس ٹو' کے بلٹین میں ناظرین کو موسم کا حال بتایا۔
فرانس سے تعلق رکھنے والی ڈاؤن سنڈروم کی مریضہ کے لیے فیس بک پر شروع کی گئی 'میلانی یہ کرسکتی ہے' نامی مہم نے 2 لاکھ لوگوں کی توجہ حاصل کی، یوناپی نامی ادارے نے یہ مہم ڈاؤن سنڈروم کے عالمی دن کی مناسبت سے شعور اجاگر کرنے کے لیے شروع کی تھی۔
میلانی کے پیج پر لگائی گئی ویڈیو میں وہ سب کہتی دکھائی دیتی ہیں کہ 'میں سب سے الگ ہوں، لیکن میں سب کو بتانا چاہتی ہوں کہ میں بہت کچھ کرسکتی ہوں، اور یہ میں ٹیلی ویژن پر آ کر ثابت کرنا چاہتی ہوں'۔
میلانی نے اپنے فیس بک پیج پر اعلان کیا کہ اگر وہ 10 دن کے اندر اپنے پیج پر 1 لاکھ لائکس حاصل کرلیتی ہیں تو وہ وہ ٹی وی پر موسم کی خبریں پڑھ کر سنائیں گی۔