سفرنامہءِ جاپان: ایک ملک، ایک کہانی
جاپان ایک ایسی سرزمین ہے جہاں روایت اور جدیدیت ایک دوسرے کی بانہوں میں بانہیں ڈال کر چلتی ہیں۔
جاپان: ایک ملک، ایک کہانی
جاپان کو طلوع ہوتے سورج کی زمین کہا جاتا ہے۔ لفظ جاپان کے لغوی معنی بھی سورج اور لفظ جاپانی کا مطلب سورج کا سرچشمہ ہے۔ پاکستان کے شاعرِ مشرق علامہ اقبال سے لے کر معروف مزاح نگار ابنِ انشا تک، سب نے اپنی تخلیقات میں جاپان کو بیان کیا ہے۔
ہزاروں برس کے تاریخی پس منظر کا حامل جاپان دوسری جنگ عظیم میں پوری دنیا کی توجہ کا مرکز بنا، جب اس کے دو شہروں ہیروشیما اور ناگاساکی پر ایٹم بم گرائے گئے۔ یہ شہر جل کر راکھ ہو گئے، مگر قربان جائیے، اس جذبے پر، جس کی اٹھان، یہی راکھ ہے۔ اس راکھ سے ایک عالیشان اور باہمت قوم کا نیا جنم تھا، انہوں نے دنیا کو حیران کر دینے کا عزم کر لیا اور آج تک ان حیرتوں کا سلسلہ جاری ہے۔