پاکستان

کنٹرول لائن پر بھارتی فائرنگ، بزرگ اور بچی زخمی

بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کے شری کوٹ سیکٹر میں مقامی آبادی کو نشانہ بنایا، آئی ایس پی آر

راولپنڈی: بھارتی فوج نے ایک بار پھر لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی کے معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شری کوٹ سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کردی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کے شری کوٹ سیکٹر میں مقامی آبادی کو نشانہ بنایا۔

پاک فوج کے ترجمان کی جانب سے مزید کہا گیا کہ بھارتی فورسز کی فائرنگ کے نتیجے میں گاوَں چفہ کا رہائشی 60 سالہ بزرگ اور ایک 15 سالہ لڑکی زخمی ہوگئی جنہیں طبی امداد کیلئے عباس پور سول ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے بھارتی اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دیا اور جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی بندوقیں خاموش کرادیں۔

خیال رہے کہ 9 مارچ کو بھی لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں ایک پاکستانی خاتون زخمی ہوگئیں تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: ایل او سی پر بھارتی فائرنگ سے 4 خواتین زخمی

اس سے قبل گزشتہ ماہ 26 فروری کو بھی آزاد جموں و کشمیر کے ضلع کوٹلی میں بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے 4 خواتین زخمی ہوئی تھیں۔

14 فروری کو بھی لائن آف کنٹرول پر تھوب سیکٹر میں بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کےنتیجے میں 3 پاکستانی فوجی شہید ہوگئے تھے۔

یاد رہے کہ پاکستان اور ہندوستان کے تعلقات میں اڑی حملے کے بعد سے کشیدگی پائی جاتی ہے اور ہندوستان کی جانب سے متعدد مرتبہ لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باونڈری کی خلاف ورزی کی جاچکی ہے۔