دنیا

بھارت: باغیوں کے حملے میں 11 اہلکار ہلاک

ماؤ نواز باغیوں نے پولیس پر ریاست چھتیس گڑھ میں گھات لگا کرحملہ کیا، آئی جی پولیس سندر راج

رائے پور: بھارت کی ریاست چھتیس گڑھ میں ماؤ نواز باغیوں کے حملے میں 11 اہلکار ہلاک جب کہ 5 زخمی ہوگئے۔

ہلاک ہونے والے تمام اہلکاروں کا تعلق سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) سے ہے۔

انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس سندر راج پی نے بتایا کہ دارالحکومت رائے پور سے 400 کلو میٹر دور ماؤ نواز باغیوں کے گڑھ سمجھے جانے والے ضلع سکما میں حملہ آوروں نے گھات لگاکر اہلکاروں پر حملہ کیا۔

پولیس کے مطابق ماؤ نواز باغیوں نے پولیس اہلکاروں پر اس وقت حملہ کیا، جب وہ ایک جنگل سے گزر رہے تھے۔

آئی جی پی نے بتایا کہ سی آر پی ایف کے 100 اہلکاروں کو بھیجی تھانے کی حدود میں ایک زیر تعمیر روڈ کی حفاظت کے لیے بھیجا گیا تھا، مگر راستے میں ہی ان پر حملہ کردیا گیا۔

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے ماؤ نواز باغیوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جلد سکما ضلع کے حالات قابو میں آجا ئیں گے۔

خیال رہے کہ اس سے پہلے بھی ماؤ نواز باغی بھارتی پولیس اور فوج سمیت دیگر سیکیورٹی فورسز پرحملہ کرتے رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سیکیورٹی فورسز اور ماؤ نواز باغیوں کے درمیان جھڑپ، آٹھ ہلاک

باغیوں نے 2010 میں چھتیس گڑھ میں ہی جنگل سے گزرنے والے پولیس اہلکاروں پر حملہ کردیا تھا، جس وجہ سے 75 اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔

ماؤ باغیوں کا مؤقف ہے کہ وہ قبائلی عوام اور بے زمین کسانوں کے حقوق کے لئے لڑ رہے ہیں،جب کہ حکومت انہیں ملک کی داخلی سکیورٹی کے لئے سنگین ترین خطرہ قرار دیتی ہے۔

ماؤ باغیوں نے 2003 سے مسلح کارروائیاں تیز کی تھیں ہندوستان کی وسطی ریاستیں چھتیس گڑھ، اڑیسا، بہار، جھاڑ کھنڈ، مہاراشٹر اور مغربی بنگال میں ان کے مراکز قائم ہیں۔

ماؤ باغیوں کے خلاف حکومت نے بڑے پیمانے پر فوج، پولیس اور خصوصی پیرا ملٹری فورس کے ذریعے آپریشن شروع کر رکھا ہے، مگر تاحال حکومت کو ان کے خلاف مکمل کامیابی حاصل نہیں ہوسکی۔