پہلی بار رجسٹرڈ انعامی بانڈ کا اجرا
اسلام آباد: حکومت نے پہلی بار رجسٹرڈ پریمیئم انعامی بانڈ جاری کردیا۔
وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے اسلام آباد میں تقریب کے دوران 40 ہزار روپے کے پریمیئم انعامی بانڈ کا افتتاح کیا۔
ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے اسحٰق ڈار نے کہا کہ ’40 ہزار روپے کے بانڈ کا پہلا انعام 8 کروڑ روپے ہے، جبکہ اس بانڈ کی کامیابی کے بعد جلد ایک لاکھ روپے کا بانڈ بھی جاری کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’یہ بانڈز انفرادی شخص اور نجی و سرکاری کمپنیوں کے لیے دستیاب ہوں گے تاہم بینک انہیں خریدنے کے مجاز نہیں ہوں گے، جبکہ انعامی رقم جیتنے والے کا انعام اخبار میں اس کا نام دیئے بغیر براہ راست اس کے اکاؤنٹ میں منتقل کردیا جائے گا۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ ’پاکستان تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور حکومت معیشت میں جامع اصلاحات کے ذریعے عوام کے ساتھ کیے گئے وعدے پورے کر رہی ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ملک کی اقتصادی ترقی کا عالمی سطح پر اعتراف کیا جارہا ہے اور عالمی اقتصادی ماہرین کے مطابق پاکستان 2030 تک دنیا کی سرفہرست 20 معیشتوں میں شامل ہو جائے گا۔
اسحٰق ڈار کا کہنا تھا کہ ’پاکستان ٹیکس چوری کو پکڑنے کی غرض سے بینک معلومات کے تبادلے کے لیے جلد سوئٹزرلینڈ کے ساتھ دوطرفہ معاہدے پر دستخط کرے گا۔‘