وینس: دنیائے سیاحت کے ماتھے کا جھومر
وینس رنگ برنگی کشتیوں، گنڈولوں سے بھرا ہوا ہے، پانی پر چلتے ہوئے محسوس ہوگا کہ جیسے آپ کسی عام بازار سے گزر رہے ہوں۔
امریکی ناول نگار و اداکار ٹرومین کپوٹے نے ایک بار کہا تھا کہ "وینس کا مزہ ایسا ہی ہے جیسے ایک بار میں لکویئر چاکلیٹ کا پورا ڈبہ ہڑپ کر جانے پر آپ کو آتا ہے۔"
وینس اٹلی کے شمالی حصے کا ایک خوبصورت شہر جسے پانی کا شہر، پلوں کا شہر، نہروں کا شہر، تیرتا ہوا شہر کے ناموں سے جانا جاتا ہے۔ وینس دنیائے سیاحت کے ماتھے کا جھومر ہے۔ میری بڑی آرزو تھی کہ کبھی وینس دیکھوں اور آج یہ خواہش بھی پوری ہوئی۔
سوچتا تھا کہ لوگ پانی پر گھر کیسے بناتے ہوں گے، جہاں لوگ پانی کے راستے گھر داخل ہوتے ہوں گے تو پانی کیونکر نہ ان کے ساتھ چلا آتا ہو گا۔ ایسی ڈھیر ساری سوچوں کے ساتھ میں وینس میں داخل ہوا، اور ہو سکتا ہے کہ وینس کی سیر میرے باقی سفری بلاگ کی طرح مقامات کی سیر نہ ہو بلکہ میرے محسوسات ہوں کیونکہ میں وینس کو اتنا دیکھا نہیں جتنا محسوس کیا ہے۔