کابل: دہشتگردوں کا فوجی ہسپتال پر حملہ، 38ہلاک
ایک خودکش بمبار نے سردار محمد داؤد خان ہسپتال کے گیٹ پر خود کو اڑا لیا، جبکہ 3 دہشت گرد ہسپتال میں داخل ہوئے، حکام
کابل: افغانستان کے دارالحکومت کابل کے سفارتی ضلع میں واقع ملک کے سب سے بڑے فوجی ہسپتال پر دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں 38افراد ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہوگئے جبکہ تمام حملہ آوروں کو بھی ہلاک کردیا گیا۔
ہسپتال انتظامیہ نے بتایا کہ حملہ آور ڈاکٹرز کا روپ دھارے ہوئے تھے اور انہوں نے سفید لیب کوٹس پہنے ہوئے تھے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی نے سیکیورٹی حکام کے حوالے سے بتایا کہ ایک خودکش بمبار نے سردار محمد داؤد خان ہسپتال کے گیٹ پر خود کو اڑا لیا، جس کے بعد خودکار ہتھیاروں اور ہینڈ گرنیڈز سے لیس 3 دہشت گرد ہسپتال کے اندر داخل ہوئے اور اندھا دھند فائرنگ شروع کردی۔