پاکستان

راولپنڈی: باپ،بھابھی اور بھتیجے کو ’قتل‘ کرکے بیٹے کی خودکشی

ذیشان نے اپنے پیاروں کی جانیں لے کر خود کو گولی کیوں ماری اور اس کے پیچھے کیا وجہ ہے اس کی تحقیقات کی جارہی ہیں، پولیس

راولپنڈی کے علاقے فضل ٹاؤن میں قتل کی لرزہ خیز واردات میں مبینہ طور پر بیٹے نے باپ، بھابھی اور بھتیجے کو قتل کرنے کے بعد اپنی زندگی کا بھی خاتمہ کرلیا۔

تھانہ ایئرپورٹ پولیس کے مطابق فضل ٹاؤن بٹ مارکیٹ کے قریب 32 سالہ ذیشان نے والد سیف اللہ، بھابھی سلمہ اور بھتیجے شاہ زیب کو مبینہ طور پر گولیاں مار کر قتل کرنے کے بعد خودکشی کرلی۔

ملزم کی فائرنگ سے بھتیجا کومیل معجزانہ طور پر بچ گیا جسے زخمی حالت میں بے نظیر ہسپتال، جبکہ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: راولپنڈی میں بچی ریپ کے بعد قتل، 2 ملزمان گرفتار

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری، ریسکیو 1122 اور ایدھی ایمبولینسیں جائے وقوع پہنچیں جبکہ پولیس کے فارنزک عملے نے بھی موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر لیے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ موقع سے مبینہ قاتل کی لاش کے قریب سے پستول بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔

اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ سیف اللہ کے گھر میں فائرنگ کی کسی نے آواز نہیں سنی۔

مزید پڑھیں: پنجاب میں 2 بہنیں 'غیرت کے نام' پر قتل

قتل کی واردات کے بعد مبینہ طور پر خودکشی کرنے والے ملزم کا بڑا بھائی گھر پہنچا تو کوئی دروازہ نہیں کھول رہا تھا جس پر وہ دیوار پھلانگ کر اندر گیا تو 4 افراد کی لاشیں اور ایک بچے کو زخمی حالت میں دیکھ کر چیخنا چلانا شروع کردیا جس پر اہل محلہ جمع ہوگئے اور فوری طور پر پولیس کو اطلاع کی۔

پولیس کا کہنا تھا کہ ذیشان نے اپنے پیاروں کی جانیں لے کر خود کو گولی کیوں ماری اور اس کے پیچھے کیا وجہ ہے اس کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔