صحت

لیموں پانی کا روزانہ استعمال کس حد تک فائدہ مند؟

امریکا سے تعلق رکھنے والی ماہر غذائیت ڈینا گیسمین نے دو ہفتے تک اس مشروب کو روز پینے کا تجربہ کیا۔

ویسے تو لیموں کے عرق کو پانی میں روز ملا کر پینا صحت کے لیے مفید قرار دیا جاتا ہے۔

مگر کیا یہ واقعی درست ہے ؟ یہی جاننے کے لیے امریکا سے تعلق رکھنے والی ماہر غذائیت ڈینا گیسمین نے دو ہفتے تک اس مشروب کو روز پینے کا تجربہ کیا۔

یہ خاتون روزانہ دو گلاس لیموں پانی دو ہفتے تک استعمال کرتی رہیں اور انہیں کیا تجربہ ہوا وہ درج ذیل ہے۔

ہموار جلد

لیموں اینٹی آکسائیڈنٹس سے بھرپور ہوتے ہیں جو کہ جسم کے اندر ہونے والی توڑ پھوڑ کی روک تھام اور نقصان دہ اجزا کو خارج کرنے میں مدد دیتے ہیں جو کہ جھریوں اور جلد کے دیگر مسائل کا باعث بنتے ہیں، اس خاتون کو کسی کرشمے کی تو امید نہیں تھی مگر دو ہفتے بعد انہوں نے اپنی جلد میں تھوڑی سی بہتری محسوس کی۔ کچھ جگہیں صاف ہوگئیں اور رنگ پہلے سے زیادہ بہتر ہوگیا۔

پیٹ کے مسائل بہتر کرے

لیموں ترش ہوتے ہیں جو کہ نظام ہاضمہ کو بہتر اور گیس کو کم کرتے ہیں، اس میں پوٹاشیم بھی موجود ہوتا ہے جو کہ جسم میں نمک کی سطح کو کنٹرول میں رکھتا ہے، اس خاتون کو بھی لیموں پانی پینے کے کچھ دن بعد یہ احساس ہوا کہ ان کے پیٹ پھولنے یا گیس پیدا ہونے کا مسئلہ کم ہوگیا ہے۔

نزلہ زکام سے تحفظ

ترش پھل جیسے لیموں وٹامن سی سے بھرپور ہوتے ہیں جو ایسا جز ہے جو کہ نزلہ زکام سمیت جسم میں ورم کا خطرہ کم کرتے ہیں، تاہم اس کا فائدہ اسی وقت ہوتا ہے جب آپ طویل عرصے سے اس مشروب کو استعمال کررہے ہوں جیسا ان خاتون کا دعویٰ ہے کہ اس دو ہفتے کے تجربے کے دوران وہ بیمار تو نہیں ہوئیں تاہم اس حوالے سے مزید دورانیے تک لیموں پانی کو آزمانے کی ضرورت ہے۔

جسمانی وزن میں کمی

ایک تحقیق میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ لیموں کے چھلکوں میں موجود ایک جز پولی فینول چوہوں پر اضافی چربی نہیں چڑھنے دیتا، دو ہفتے کے اس تجربے کے دوران اس خاتون کا وزن لگ بھگ آدھا کلو کم ہوا۔

مزاج خوشگوار بنائے

یہ دعویٰ بھی کیا جاتا ہے جسمانی فوائد کے ساتھ لیموں پانی مزاج بھی خوشگوار بناتا ہے تاہم اس خاتون کے مطابق دو ہفتوں کا وقت اس حوالے سے کم لگتا ہے تاہم انہیں لگا کے ذہنی طور پر وہ خود کو پہلے سے زیادہ پلکا پھلکا محسوس کررہی ہیں۔

نوٹ: یہ مضمون عام معلومات کے لیے ہے۔ قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ لیں۔