کھیل

پی ایس ایل فائنل:کسی کے آگے سر نہیں جھکائیں گے،سیٹھی

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں فائنل معرکے سے قبل رنگا رنگ تقریب میں فنکاروں نے گراؤنڈ میں موجود تماشائیوں کا لہو گرمادیا۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2017 کے فائنل سے قبل لیگ کی رنگا رنگ اختتامی تقریب منعقد ہوئی جہاں گلوکاروں نے ترانے گا کر تماشائیوں کے جوش کو مزید بڑھا دیا۔

پاکستان کے معروف گلوکار علی ظفر نے پی ایس ایل کا ترانہ 'اب کھیلے جمے گا' گا کر تقریب کا آغاز کیا جبکہ اس دوران اسٹیڈیم تماشائیوں سے کھچاکھچ بھرا ہوا تھا۔

پی ایس ایل کی اختتامی تقریب کی میزبانی کے فرائض اداکار احمد علی بٹ اور اداکارہ عائشہ عمر نے نبھائے۔

—فوٹو:ڈان نیوز

—فوٹو:ڈان نیوز

—فوٹو: ڈان نیوز

علی ظفر کے بعد گلوکار فاخر نے قومی ترانے گا کر پرجوش تماشائیوں کا لہو مزید گرم کیا۔

—فوٹو:ڈان نیوز

—فوٹو:ڈان نیوز

پی ایس ایل فائنل کھیلنے والی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاورزلمی کے کھلاڑی بھی قذافی اسٹیڈیم میں موجود تھے جن میں غیرملکی کھلاڑی بھی شامل ہیں، دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کو سخت سیکیورٹی کے حصار میں اسٹیڈیم میں لایا گیا۔

ڈیرن سیمی تقریب کے دوران میدان میں پاکستانی گلوکار فرہاد ہمایوں کے گانے پر جھومتے رہے جبکہ کامران اکمل اور محمد اصغر نے ان کا بھرپور ساتھ دیا۔

اس کے بعد گلوکار علی عظمت نے بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا اور مشہور زمانہ 'ہے جذبہ جنون' ، 'یارو یہی دوستی ہے' اور 'دما دم مست قلندر' گا کر تماشائیوں کا جوش آسمان پر پہنچادیا۔

'کسی کے آگے سر نہیں جھکائیں گے'

پاکستان سپر لیگ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 'ہم کسی کے آگے سر نہیں جھکائیں گے'۔

انھوں نے مداحوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ عوام کے تعاون کے بغیر لاہور میں فائنل کا انعقاد ممکن نہیں تھا، اس فائنل کے لیے پی ایس ایل کی ٹیم نے ان تھک محنت کی ہے جس پر انھیں مبارک باد دیتا ہوں۔

نجم سیٹھی نے پاکستان کرکٹ بورڈ، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، پنجاب کی انتظامیہ اور پی سی بی کے پیٹرن ان چیف وزیراعظم نواز شریف کا بھی شکریہ ادا کیا۔

انھوں نے کہا ہم اگر دیانتداری سے کام کریں تو کوئی کام مشکل نہیں ہے اور اس میچ کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کا تعاون ہے اور دنیا کو دکھا دیا کہ 'ہمیں کرکٹ کھیلنی بھی آتی ہے اور کھلانی بھی آتی ہے'۔

انہوں نے کہا کہ 'ہم کسی کے آگے سر نہیں جھکائیں گے، ہم سب کچھ کرسکتے ہیں'۔

چیئرمین پی ایس ایل کا کہنا تھا کہ 'واہ ! مزہ آئے گا آج، ایک ٹیم جیتے گی، ایک ہارے گی لیکن آخر میں جیت آپ کی اور پاکستان کی ہوگی'۔

پی ایس ایل کی اختتامی تقریب کے باقاعدہ آغاز سے قبل پاک فوج کے جوانوں نے پیراشوٹ کے ذریعے مختلف کرتب بھی دکھائے۔

پی سی بی نے لیگ کے فائنل کے پیش نظر قذافی اسٹیڈیم کو تزین و آرائش سے خوبصورت بنا دیا ہے۔