کھیل

پشاورزلمی کی ٹیم پی ایس ایل فائنل کیلئے لاہور پہنچ گئی

فائنل میں مکمل اسکواڈ کھیلے گا لیکن سمت پٹیل کا این اوسی اب تک جاری نہیں ہوا ہے: جاوید آفریدی

پشاورزلمی کے کھلاڑی پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) 2017 کے فائنل میں کوئٹہ گلیدی ایٹرز سے مقابلے کے لیے لاہور پہنچ گئے۔

پشاورزلمی نے تیسرے پلے آف میں کراچی کنگز کو 24 رنز سے شکست دے کر لیگ کے دوسرے سیزن کے فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔

ڈان نیوز کے مطابق پشاورزلمی کے کھلاڑی کامران اکمل، محمد حفیظ، وہاب ریاض، حسن علی، عمران خان جونیئر اور محمد اصغر لاہور پہنچے جن کے ساتھ قومی ٹیم کےسابق کپتان اور ہیڈ کوچ وقاریونس بھی تھے۔

لاہور پہنچنے والے کھلاڑیوں کو ایلیٹ فورس کے کمانڈوز کے حصار میں ائرپورٹ سے باہر لایا گیا۔

پشاورزلمی کے مالک جاوید آفریدی کا کہنا ہے کہ فائنل میں ان کا مکمل اسکواڈ ایکشن میں نظر آئے گا۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل: غیر ملکی کھلاڑیوں کے لاہور آنے کی تصدیق

جاوید آفریدی نے گزشتہ روز اپنے بیان میں کہا تھا کہ ٹیم کے کپتان ڈیرن سیمی سمیت پانچوں غیرملکی کھلاڑی فائنل کے لیے لاہور آئیں گے جن کے لیے پاکستانی ویزا جاری کردیا گیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ فائنل میں مکمل اسکواڈ کھیلے گا تاہم سمت پٹیل کا این اوسی تاحال جاری نہیں ہوا ہے۔

پشاورزلمی کو تیسرے پلے آف کے دوران اس وقت بڑا دھچکا لگا جب سابق کپتان اور ٹیم کے اہم رکن شاہد آفریدی ہاتھ پر گیند لگنے کے باعث زخمی ہوگئے اور بعدازاں پی ایس ایل کےفائنل سے بھی باہر ہوگئے۔

شاہد آفریدی نے مداحوں کے نام اپنے بیان میں کہا کہ ان ہاتھ میں بارہ ٹانکے آئے ہیں جس کے باعث وہ فائنل نہیں کھیل پائیں گے۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل کا فائنل نہیں کھیل سکوں گا، شاہد آفریدی

انھوں نے اپنے مداحوں کے تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ پی ایس ایل میں ان کی کارکردگی سے خوش ہوں گے۔

دوسرے جانب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کھلاڑی کپتان سرفرازاحمد اور کوچ معین خان کے ہمرا لاہور پہنچ چکے ہیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کیون پیٹرسن، رلی روسو، ٹائمل ملز اور لیوک رائٹ سمیت اہم غیرملکی کھلاڑی واپس اپنے ملکوں کو جاچکے ہیں جن کے متبادل کےطور پر پانچ کھلاڑیوں کا اعلان کردیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم فائنل کیلئے لاہور روانہ

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پی ایس ایل کے فائنل کے لیے ٹیم میں زمبابوے کے ایلٹن چیگمبورا، شون ایروائن، بنگلہ دیش کے انعام الحق، جنوبی افریقا کے مورن وین ویک اور رایاد ایمرت کو غیر ملکی کھلاڑیوں کے طورپر شامل کرلیا ہے۔

پی ایس ایل کا فائنل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاورزلمی کے درمیان 5 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔