کم عمری کی شادی: شعور اجاگر کرنے کیلئے انوکھی مہم
پاکستانی معاشرے میں کم عمری کی شادیاں کوئی انوکھی بات نہیں، بیشتر مقامات پر اب بھی نو عمری میں ہی شادی جیسی اہم ذمہ داری لڑکیوں کے کاندھوں پر ڈال دی جاتی ہے۔
اس معاشرتی رواج کے تدارک کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے کے لیے فیشن ڈیزائنر وقار جے خان نے ایک مہم کا آغاز کیا ہے۔
وقار کی اس مہم میں تین لڑکیوں کو دیکھا جاسکتا ہے جنہیں دلہن کی طرح تیار کیا گیا، اسی تصویر کی ایک جانب ان لڑکیوں کو کھلاڑیوں کے روپ میں پراعتماد انداز اپنائے دکھایا گیا ہے۔
ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے فیشن ڈیزائنر وقار کا کہنا تھا کہ 'اس تصاویر کا مقصد بچپن میں کی گئی شادیوں کو سامنے لانا ہے، جو عموماً اورنگی جیسے علاقوں میں ہوتی ہے، اس مہم کے ذریعے درست لوگوں سے رابطہ کرنا چاہتا ہوں تاکہ سب کو بتایا جاسکے کہ ان علاقوں میں کیا ہورہا ہے'۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ 'اس فیشن شوٹ کا مقصد آگاہی پیدا کرنا اور کھیلوں کے میدان میں لڑکیوں کو آگے آنے کا موقع دینا ہے'۔