کھیل

پی ایس ایل فائنل،15 غیرملکی کھلاڑیوں کی حتمی فہرست

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، پشاورزلمی اور کراچی کنگز نے غیرملکی کھلاڑیوں کے ناموں کو حتمی شکل دے دی۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2017 کی تینوں سہرفہرست ٹیموں نے فائنل کےلیے 15 غیرملکی کھلاڑیوں کے ناموں کو حتمی شکل دے دی ہے۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں 5 مارچ کو ہونے والے پی ایس ایل فائنل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم رسائی کرچکی ہے جبکہ پشاورزلمی اور کراچی کنگز کے درمیان تیسرا پلے آف کھیلا جارہا جس میں دوسری ٹیم کا فیصلہ ہوجائے گا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، پشاورزلمی اور کراچی کنگز نے مستقل کھلاڑیوں کی عدم دستیابی کےبعد 15 غیرملکی کھلاڑیوں کے ناموں کو حتمی شکل دی ہے۔

ان غیرملکی کھلاڑیوں میں زمبابوے کے ایلٹن چگمبورا، بنگلہ دیش کے انعام الحق اور پاکستانی نژاد انگلش کھلاڑی اشعر زیدی بھی شامل ہیں۔

پی ایس ایل فائنل کے لیے لاہور آنے والے کھلاڑیوں میں پشاورزلمی کے پانچوں غیرملکی کھلاڑی بھی شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل: غیر ملکی کھلاڑیوں کے لاہور آنے کی تصدیق

پشاورزلمی کے مالک جاوید آفریدی نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ کپتان ڈیرن سیمی، انگش کھلاڑی ڈیوڈ ملان، سمت پٹیل، کرس جارڈن اور مارلن سیمیولز لاہور آئیں گے جس کے لیے پاکستانی ویزے بھی جاری کردیے گئے ہیں۔

فائنل کے لیے حتمی فہرست میں شامل کیے گئے دیگر کھلاڑیوں میں پیٹر ڈیوڈ، ایمرت ریاد ریان، گریم کریمر، جیڈ ڈرن باک، ریان ٹین ڈوئچے، مورنے وین وائک، رچرڈ لیوی، جوشوا جیمز بھی شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور آنے کو تیارغیرملکی کھلاڑیوں کی فہرست جاری

اس فہرست میں پاکستانی نژاد انگلش کھلاڑی اظہراللہ کے علاوہ شان ارون، کیسرک ولیمز کا نام بھی شامل کیا گیا ہے ان تمام کھلاڑیوں کو پاکستان کا ویزا جاری کردیا گیا ہے۔

گزشتہ سال کی چمپیئن ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کے کوچ ڈین جونز نے بھی پی ایس ایل فائنل کے لیے لاہور آنے کا اعلان کیا ہے جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ویوین رچرڈز بھی فائنل میں اپنی ٹیم کے ہمراہ ہوں گے۔

خیال رہے کہ فائنل میں پہنچنے والی پہلی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اسٹار کھلاڑی کیون پیٹرسن، لیوک رائٹ اور فاسٹ باؤلر ٹائمل ملز نے لاہور آنے سے انکار کرتےہوئے واپس انگلینڈ چلے گئے ہیں۔

دوسری جانب فائنل کے لیے سیکیورٹی کے سخت حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں۔