پاک بھارت معرکے میں زخمی عمرکوٹ کی کہانی
جنگوں کی تاریخ کا المیہ رہا ہے کہ آیا یہ نامکمل ہوتی ہیں یا پھر جھوٹی ہوتی ہیں۔ ہیروز اور فتحوتات کی عظیم کہانیوں میں اکثر میدان جنگ کی زد میں آنے والے ایک عام آدمی کا درد کہیں کھو سا جاتا ہے۔
1965 اور 1971 کی پاک بھارت جنگوں کے دوران عمرکوٹ، سندھ کے باسیوں کا درد تذکرہ ہمارے اسکولوں کی نصابی کتابوں میں کہیں نہیں ملتا۔ مجھے یہ غیر تحریری کہانیاں اس چھوٹے، گرد آلود شہر کی حالیہ سیر کے موقعے پر زبانی سننے کو ملیں۔
عمرکوٹ سندھ کے مشرقی حصے میں ہندوستانی بارڈر سے 60 کلومیٹر دور واقع ہے۔ یہ شہر 11 صدی کے قلعہ عمرکوٹ کی وجہ سے خاصی شہرت رکھتا ہے۔ مغل شہنشاہ اکبر کا جنم بھی یہاں ہوا تھا، یہ وہ دن تھے جب اکبر کے والد ہمایوں نے شیر شاہ سوری کی فوجوں سے بچنے کے لیے عمر کوٹ کا رخ کیا تھا اور یہاں رانا پرساد نامی ہندو راجہ نے انہیں پناہ دی تھی۔ یہ قلعہ مقبول عام سندھی لوک داستان عمر ماروی سے بھی منسوب ہے۔