سائنس و ٹیکنالوجی

ایسا اسمارٹ فون آپ نے پہلے کبھی نہیں دیکھا ہوگا

یہ فون سب سے منفرد ہے کیونکہ اس کے بیک پر ایل ای ڈی لائٹس ہیں جو مختلف رنگوں میں جگمگاتی ہیں۔

موبائل ورلڈ کانگریس کے دوران متعدد اسمارٹ فونز متعارف کرائے جارہے ہیں مگر کوئی بھی لوگوں کو اپنی جانب اس طرح کھینچنے کی صلاحیت نہیں رکھتا جیسا الکاٹیل اے فائیو ایل ای ڈی۔

جی ہاں یہ فون سب سے منفرد ہے کیونکہ اس کے بیک پر ایل ای ڈی لائٹس ہیں جو مختلف رنگوں میں جگمگاتی ہیں۔

ویسے تو کچھ اینڈرائیڈ فونز میں ایل ای ڈی لائٹ نوٹیفکیشن کے لیے موجود ہوتی ہے مگر الکاٹیل اے فائیو میں 35 بڑی ایل ای ڈی اور سینکڑوں چھوٹی لائٹس ہیں جو کہ نوٹیفکیشنز یا کال آنے پر مختلف لائٹ شوز کا ڈسپلے کرتی ہیں۔

اس فون کو بارسلونا میں جاری موبائل ورلڈ کانگریس کے دوران متعارف کرایا گیا۔

یہ ایل ای ڈی لائٹس موسیقی پر کسی ایکولائزر کی طرح بھی حرکت کرتی ہیں۔

اس میں کلر کیچر نامی فیچر ہے جس میں کیمرے کو ارگرد کے منظر سے رنگوں کو چننے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے اور پھر یہ رنگ ایک سسٹم تھیم کی شکل میں ایل ای ڈی شو میں ڈل جاتے ہیں۔

اس سے ہٹ کر یہ فون دیگر اسمارٹ فونز جیسے فیچرز رکھتا ہے، جیسے 5.2 انچ اسکرین، 1.5 گیگا ہرٹز اوکٹا کور میڈیا ٹیک 6753 پراسیسر، 16 جی بی اسٹوریج، 2 جی بی ریم اور 2800 ایم اے ایچ بیٹری۔

اس کا بیک کیمرہ 8 میگا پکسل اور فرنٹ کیمرہ 5 میگا پکسل کا ہے اور ہاں اس کی پلاسٹک باڈی کافی مضبوط بھی ہے جو گرنے پر آسانی سے نہیں ٹوٹتی۔

ویسے کمپنی کا کہنا ہے کہ اگر صارف کو ایل ای ڈی لائٹس پسند نہ ہو تو وہ سادہ بیک کور کا بھی استعمال کرسکتے ہیں۔

درحقیقت یہ دنیا کا پہلا انٹراایکٹو ایل ڈی کور والا اسمارٹ فون ہے جسے رواں سال مئی میں پہلے یورپ میں 210 ڈالرز میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔

دنیا کے دیگر حصوں میں اس کی دستیابی کے حوالے سے فی الحال کمپنی نے کوئی اعلان نہیں کیا۔