پاکستان

پی ایس ایل فائنل: پنجاب حکومت حتمی فیصلہ نہ کرسکی

5 مارچ کو لاہور میں فائنل کے امکانات دن بدن کم ہوتے جارہے ہیں کیونکہ پنجاب حکومت نے ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا۔

لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا فائنل 5 مارچ کو لاہور میں ہونے کے امکانات دن بدن کم ہوتے جارہے ہیں کیونکہ پنجاب حکومت نے ابھی تک اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا۔

پی ایس ایل چیئرمین نجم سیٹھی کو، جو حال ہی میں پنجاب کے وزیراعلیٰ شہباز شریف اور دیگر سیکیورٹی عہدیداران سے ملاقات کے لیے دبئی سے واپس لوٹے ہیں، ابھی تک صوبائی حکومت کی جانب سے کوئی مثبت ردعمل موصول نہیں ہوا۔

نجم سیٹھی نے گذشتہ روز ٹوئیٹ کی اور لکھا، 'میری وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات ہوئی، ہم پی ایس ایل فائنل کے لاہور میں انعقاد کے حق میں ہیں، لیکن ہم اس حوالے سے صورتحال کو مانیٹر اور اس کا جائزہ لیتے رہیں گے'۔

اب جبکہ فائنل کے لیے انتظامات مکمل ہونے میں بہت کم وقت رہ گیا ہے، سب کے لیے ضرروی یہی ہے کہ جلد از جلد کوئی فیصلہ کرلیا جائے۔

مزید پڑھیں:پی ایس ایل فائنل پر پنجاب حکومت تذبذب کا شکار

20 فروری کو تمام فرنچائزوں سے مشاورت کے بعد پی ایس ایل انتظامیہ نے اعلان کیا تھا کہ ٹورنامنٹ کا فائنل 5 مارچ کو لاہور میں ہوگا، لیکن ایسا لگتا ہے کہ وہ اعلان ناپختہ تھا کیونکہ میجر اسٹیک ہولڈر یعنی پنجاب حکومت سے اس سلسلے میں مشاورت نہیں کی گئی تھی۔

ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ جمعہ 24 فروری کو ہونے والی میٹنگ میں سیکیورٹی ایجنسیز نے مستقبل قریب میں لاہور میں پی ایس ایل کے فائنل جیسا کوئی بڑا ایونٹ نہ کروانے کا مشورہ دیا تھا۔

یہ خبر 25 فروری 2017 کے ڈان اخبار میں شائع ہوئی