بربادی انڈس ڈیلٹا کا مقدر کیوں بنی؟
شاندار ماضی اور تباہ حال انڈس ڈیلٹا کی سکھوں اور دکھوں سے بھری ایک کتھا.
سندھ گھوڑوں میں شاہوکار،
رتھوں میں شاہوکار، کپڑوں میں شاہوکار،
عُمدہ بنے ہوئے گہنوں میں شاہوکار،
کھانے پینے میں شاہوکار اور
اس سندھو کے کنارے
شہد دینے والے پھولوں سے بھرے پڑے ہیں۔
(— رگ وید منڈل 10)
زندگی کے سارے رنگ، تمام حُسن اور کُل نعمتیں میٹھے پانی کے دم سے ہی ہیں۔ یہ جہاں سے اپنے راستے بناتا گذرتا ہے، وہاں کناروں پر زندگی اور تہذیبوں کو جنم دیتا جاتا ہے۔ دریائے سندھ بھی جہاں سے گذرتا گیا زندگی کو ایمان دیتا گیا، رگوید کے دسویں منڈل میں دریائے سندھ کی دین کو ان ہی الفاظ میں سراہا گیا ہے۔
ایک مکمل تہذیب کے وجود کے لیے چند مخصوص عناصر کا ہونا بہت ضروری ہے، جیسے طبعی ماحول و حالات، سوچنے اور احساس کی صلاحیت اور سماجی اقدار۔ ان میں سب سے پہلا اور زیادہ اہم عنصر ہے طبعی حالات۔