کوالالمپور: ملائیشیا کے پولیس چیف نے شمالی کورین رہنما کم جونگ ان کے سوتیلے بھائی کے پراسرار قتل کی تحقیقات میں پوچھ گچھ کے لیے شمالی کوریا کے ایک سینئر سفارتی اہلکار تک رسائی مانگ لی۔
خیال رہے کہ تفتیش کار کم جونگ نیم کے قتل میں ملوث 5 مشتبہ شمالی کورین افراد سے تفتیش میں مصروف ہیں جبکہ شمالی کوریا کے مزید 3 باشندے انہیں مطلوب ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق ملائیشین پولیس کو مطلوب 3 مزید افراد میں ملائیشیا میں شمالی کوریا کے سفارت خانے کے سیکنڈ سیکریٹری ہیونگ کوانگ سانگ سمیت شمالی کورین ایئرلائن کا ملازم کم اُک اِل شامل ہے۔
ملائیشین پولیس چیف خالد ابوبکر نے صحافیوں کو تحقیقات سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ شمالی کوریا کے سفیر کوسفارت خانے کے سیکنڈ سیکریٹری اور شمالی کورین ایئرلائن کے ملازم سے پوچھ گچھ کی اجازت حاصل کرنے کے لیے خط لکھا جا چکا ہے، ہمیں امید ہے کہ کورین سفارت خانہ ہمارے ساتھ تعاون کرے گا اور ہمیں ان افراد سے تفتیش کا موقع فراہم کرے گا۔
خیال رہے کہ رواں ماہ 13 فروری کو شمالی کورین رہنما کم جونگ ان کے سوتیلے بھائی کم جونگ نیم کی کوالالمپور کے ایئرپورٹ پر اچانک طبیعت خراب ہوگئی تھی تاہم طبی امداد کی فراہمی کے دوران ہی وہ چل بسے تھے۔