ہم جنس پرستی دکھانے پر ہم ٹی وی کو نوٹس
پاکستان الیکٹرانک میڈیا اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے ہم ٹی وی چینل کے ڈرامہ سیریز 'کتنی گرہیں باقی ہیں' کی ایک قسط ’چیونگم‘ میں ہم جنس پرستی کے موضوع پر مبنی مواد نشر کرنے پر نوٹس جاری کردیا۔
رات 9 سے 10 بجے ہم ٹی وی پر نشر ہونے والے ڈرامہ سیریز ’کتنی گرہیں باقی ہیں' میں ایک قسط ’چیونگم‘ میں دو خواتین کی کہانی کو پیش کیا گیا، جنہوں نے اس ڈرامے میں ہم جنس پرست کا کردار ادا کیا۔
اس موضوع پر چینل کو پیمرا کی جانب سے نوٹس جاری کیا گیا۔
نوٹس کے مطابق پیمرا کو اس کے ٹوئٹر اکاﺅنٹ پر متعدد شکایات موصول ہوئی تھیں جن میں ڈرامے کے موضوع اور مناظر کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور کہا گیا کہ اس طرح کے ڈراموں کو ٹی وی پر پیش کرنا کسی بھی صورت قابلِ قبول نہیں ہے۔
شکایت کنندگان نے پیمرا سے ہم ٹی وی چینل کے خلاف مروجہ قوانین کے تحت سخت قانونی کارروائی کی استدعا کی تھی۔
مزید پڑھیں: ڈراما اڈاری کو 'غیراخلاقی مواد' پر پیمرا کا نوٹس
نوٹس میں مزید کہا گیا کہ پیمرا نے ہم ٹی وی کو اس سے قبل بھی اسی نوعیت کے حساس اور متنازع موضوع پر ڈرامہ سیریل نشر کرنے پر تنبیہہ جاری کی تھی جسے چینل نے سراسر نظر انداز کرتے ہوئے اسی نوعیت کے ایک اور موضوع پر ڈرامہ نشر کیا۔
نوٹس میں کہا گیا کہ پیمرا آرڈیننس 2002، پیمرا (ترمیمی) ایکٹ 2007 اور الیکٹرانک میڈیا ضابطۂ اخلاق 2015 کے مطابق ٹی وی چینلز کو لائسنس دینے کا مقصد لوگوں تک اطلاعات کی فراہمی، تعلیم دینا اور سستی اور معیاری تفریح فراہم کرنا ہے۔
پیمرا نے جواب کے لیے ہم ٹی وی کو 27 فروری 2017 تک کا وقت دیا ہے۔
خیال رہے کہ پیمرا اس سے قبل ہم ٹی وی کو بچوں کے استحصال پر بننے والے ڈرامے ’اڈاری‘ میں غیر اخلاقی سرگرمیوں کی عکاسی پر بھی نوٹس جاری کرچکا ہے۔