کھیل

اسلام آباد یونائیٹڈ کی پشاور کیخلاف آخری گیند پر فتح

اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیتا اورپشاورزلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 9 وکٹوں پر 136 رنز بنالیے۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2017 کے بارھویں میچ میں دفاعی چمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پشاورزلمی کو ڈیوائن اسمتھ کی بہترین بلےبازی کی بدولت 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔

پشاور زلمی کی جانب سے دیے گئے 137 رنز کے تعاقب میں اسلام آباد کی جانب سے ڈیوائن اسمتھ اور رفعت اللہ مہمند نے 12 رنز کا آغاز فراہم کیا، رفعت اللہ 11 رنز بنا کر جنید خان کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

حسن علی نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بریڈ ہیڈن کو 15 کے اسکور پر پویلین بھیج دیا جس کے بعد سیم بلنگز نے اسمتھ کے ساتھ مل کر اسکور کو 45 رنز تک پہنچادیا لیکن وہاب ریاض نے 11 رنز بنانے والے سیم بلنگز کو آؤٹ کرکے اس شراکت کا خاتمہ کردیا۔

مصباح الحق کو شکیب الحسن نے آؤٹ کردیا اور وہ صرف 5 رنز بنا سکے جس کےبعد شین واٹسن بیٹنگ کے میدان میں آئے اور اسمتھ کے ساتھ مل کر ٹیم کی سنچری مکمل کرلی اور ٹیم کو فتح کے قریب لا کر ایک گیند قبل رن آؤٹ ہوئے۔

شین واٹسن 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو ایک گیند رہ گئی تھی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے محض ایک رن درکار تھا اور ایک دلچسپ صورت حال پیدا ہوئی۔

اسلام آباد نے 137 رنز کا ہدف آخری اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز بنا کر حاصل کرلیا جو لیگ میں ان کی تیسری کامیابی ہے۔

اسمتھ 72 اور عماد بٹ ایک رن بنا کر ناقابل شکست رہے۔

محمد سمیع کا شاندار باؤلنگ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔

قبل ازیں پشاورزلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 136 رنز بنا لیے تھے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور رومان رئیس نے تمیم اقبال کو 17 رنز پر آؤٹ کرکے پہلی کامیابی دلادی جبکہ حفیظ کو دوسرے نمبر پر بھیجنے کا منصوبہ بھی ناکام ہوا اور وہ 28 کے اسکور پر 10 رنز بنا کر محمد عرفان کی وکٹ بن گئے۔

پشاورزلمی کے کامران اکمل نے افتتاحی میچ میں بہترین بلے بازی کی تھی لیکن اب ان کی فارم روٹھ گئی ہے، گزشتہ میچ میں وہ صفر پر پویلین لوٹے تھے اور اس میچ میں 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

محمد سمیع نے صہیب مقصود کو صفر پر آؤٹ کر کے 46 رنز پر پشاور کی چوتھی وکٹ بھی گرادی جبکہ زلمی کے لیے پہلی مرتبہ بیٹنگ کے لیے آنے والے شکیب الحسن بھی زیادہ دیر وکٹ پر ٹھہر نہ سکے اور 5 رنز بنا کر عماد بٹ کی باؤلنگ کا نشانہ بنے۔

آئن مورگن کی ہمت بھی 28 رنز بنانے کے بعد جواب دے گئی اور پشاور زلمی کو ایک مشکل وقت میں 78 رنز پر چھوڑ کر پویلین لوٹ گئے۔

ڈیرن سیمی اور شاہد آفریدی نے اسکور کو 109 رنز تک پہنچادیا اور 17 ویں اوور کی دوسری گیند پر سیمی 20 رنز بنا کر رومان رئیس کی گیند پر اونچا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں آؤٹ ہوئے۔

شاہد آفریدی اور وہاب ریاض نے جارحانہ انداز میں کھیلا جبکہ وہاب ریاض نے شین واٹسن کے ایک اوور میں تین چوکے اور ایک چھکا لگا کر زلمی کے اسکور کو بہتر کرلیا تاہم 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

شاہد آفریدی نے 12 گیندوں کا سامنا کیا اور 2 چھکوں کی مدد سے 17 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔

وہاب ریاض نے 15 گیندوں پر قیمتی 23 رنز بنائے اور محمد سمیع کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

پشاورزلمی نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 136 رنز بنائے۔

حسن علی اور جنید خان ایک، ایک رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

اسلام آباد کی جانب سے محمد سمیع نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں، رومان رئیس اور شاداب خان نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

دفاعی چمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ نے نے پشاورزلمی کے خلاف ٹاس جیت کر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے بارھویں میچ میں پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

شارجہ میں کھیلے گئے میچ میں مصباح الحق نے ٹاس جیت کر کہا کہ کنڈیشنز کو دیکھ کر ہر ٹیم چاہتی ہے کہ پہلے حریف ٹیم کو بیٹنگ کا موقع دے دیا جائے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹیم میں تین تبدیلیاں کیں، سعید اجمل کو ایک مرتبہ پھر آرام کا موقع دیتے ہوئے رومان رئیس کو جگہ دی گئی ہے جبکہ رفعت اللہ مہمند کو بھی شامل کرلیا گیا تھا۔

پشاورزلمی کے کپتان نے جیت کی امید ظاہر کرتےہوئے کہا کہ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

پشاور زلمی: ڈیرن سیمی(کپتان)، تمیم اقبال، محمد حفیظ، کامران اکمل، آئن مورگن، شکیب الحسن، صہیب مقصود، شاہد آفریدی، وہاب ریاض، جنید خان اور حسن علی

اسلام آباد یونائیٹڈ: مصباح الحق (کپتان)، ڈیوائن اسمتھ، سیم بلنگز، بریڈ ہیڈن، رفعت اللہ مہمند، شین واٹسن، شاداب خان، عماد بٹ، رومان رئیس, محمد سمیع،محمد عرفان