ڈیرہ اسماعیل خان: فائرنگ سے پولیس اہلکاروں سمیت 5 افراد ہلاک
پولیس وین معمول کے گشت پر ایک فلنگ اسٹیشن پر تعینات تھی کہ نامعلوم ملزمان نے اس پر فائرنگ کردی، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی افسر
خیبر پختونخوا کے شہر ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس وین پر فائرنگ سے پولیس افسر اور 2 کانسٹیبلز سمیت 5 افراد ہلاک ہوگئے۔
مشن موڑ کے قریب دو موٹر سائیکلوں پر سوار 4 ملزمان نے پولیس وین پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔
فائرنگ سے اے ایس آئی رحمت اللہ اور کانسٹیبل فرید موقع پر ہی ہلاک جبکہ ایک کانسٹیبل، وین ڈرائیور اور راہگیر زخمی ہوئے۔
زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں تینوں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی افسر عمران خان کا کہنا تھا کہ ’پولیس وین معمول کے گشت پر ایک فلنگ اسٹیشن پر تعینات تھی کہ نامعلوم ملزمان نے اس پر حملہ کردیا۔
پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش شروع کردی۔