زرمبادلہ کے ذخائر میں مزید 22 کروڑ ڈالر کی کمی
کمی کے بعد ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 21 ارب 22 کروڑ 45 لاکھ ڈالر رہ گئے۔
حکومتی دعوؤں کے برعکس ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں مزید 22 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کی کمی ہوگئی۔
انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کا 3 سالہ قرضے کا پروگرام ختم ہوتے ہی ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی کا سلسلہ شروع ہوا جو بدستور جاری ہے۔
گزشتہ ایک ہفتے کے دوران زرمبادلہ کے ذخائر میں مزید 22 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کی کمی ہوئی، جس کے بعد ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 21 ارب 22 کروڑ 45 لاکھ ڈالر رہ گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں تیزی سے کمی
ترجمان اسٹیٹ بینک کے مطابق کمی کے بعد اسٹیٹ بینک کے ذخائر 16 ارب 99 کروڑ 34 لاکھ ڈالر، جبکہ کمرشل بینکوں کے ذخائر 4 ارب 83 کروڑ 11 لاکھ ڈالر رہ گئے ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ قرضوں کی ادائیگی کے باعث زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی ہوئی۔
یاد رہے کہ چند ماہ قبل ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 24 ارب ڈالر سے تجاوز کرگئے تھے۔