سندھ یونیورسٹی میں طالبہ کی ہلاکت پر احتجاج
جامشورو کی سندھ یونیورسٹی میں طلبہ کو لانے والی بس کی ٹکر کے باعث طالبہ جاں بحق ہوگئیں۔
ڈان نیوز نے رپورٹ کیا کہ شعبہ فزکس کے آخری سال کی طالبہ شائستہ میمن یونیورسٹی آرہی تھیں کہ پوائنٹ نے انہیں ٹکر ماری، جس وجہ سے وہ بری طرح زخمی ہوگئیں۔
شائستہ میمن کو فوری طور پر لیاقت میڈیکل یونیورسٹی ہسپتال پہنچایا گیا، مگر وہ جانبر نہ ہوسکی۔
طالبہ کی ہلاکت کے بعد یونیورسٹی کے طلبہ نے جامشورو سے کراچی جانے والے روڈ پر احتجاجی دھرنا دیا، جس وجہ سے ٹریفک کی روانی معطل ہوگئی۔
طلبہ کے مطابق یونیورسٹی پوائنٹ (بس) ڈرائیورز کی غفلت کے باعث یہ ایک ہی ہفتے میں دوسرا حادثہ ہے، اس سے قبل بھی یونیورسٹی کا ایک طالب علم پوائنٹ بس سے گر کر ہلاک ہوا تھا۔
طلبہ کے احتجاج کے بعد یونیورسٹی کے وائس چانسلر (وی سی) فتح محمد برفت پولیس افسران سمیت دھرنے پر بیٹھے ہوئے طلبہ کے پاس پہنچے، وی سی نے طلبہ کو یقین دہانی کروائی کہ پوائنٹ ڈرائیور کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔