اسلام آباد یونائیٹڈ 5 وکٹوں سے فتحیاب
شارجہ: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔
اسلام آباد نے آخری اوور کی پہلی گیند پر 149 رنز کا ہدف حاصل کیا۔
ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو اسے پہلا نقصان چھٹے اوور میں 39 رنز کے مجموعی اسکور پر اٹھانا پڑا اور ڈیوائن اسمتھ 10 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
پچھلے میچز میں عمدہ کارکرگی دکھانے والے بریڈ ہیڈن بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹک سکے اور صرف 6 رنز بنا کر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے۔
اسلام آباد کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی کپتان مصباح الحق تھے جو گیارھویں اوور میں 72 کے مجموعی اسکور پر 10 رنز بنا کر حسن خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔
چوتھی وکٹ کے لیے اوپنر سیم بلنگز اور شین واٹسن کے درمیان 63 رنز کی شاندار شراکت قائم ہوئی، جس نے ٹیم کو فتح کے قریب پہنچایا۔
شین واٹسن نے 2 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 36 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تاہم پھر وہ تھسارا پریرا کی گیند پر چھکا مارنے کی کوشش میں باؤنڈری پر حسن خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
سیم بلنگز 78 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ناٹ آؤٹ رہے، انہوں نے 3 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 50 گیندوں میں یہ رنز بنائے۔
اسلام آباد کے پانچویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی آصف علی تھے جو صرف ایک رن بنا کر پویلین لوٹے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد نواز نے 2 جبکہ عمر گل، تھسارا پریرا اور حسن خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 کھلاڑیوں کے نقصان پر 148 رنز بنائے اور یوں اسلام آباد کو جیت کے لیے 149 رنز کا ہدف ملا۔
کوئٹہ کی جانب سے اسد شفیق اور احمد شہزاد نے اننگز کا آغاز کیا جبکہ پہلا اوور محمد عرفان نے کرایا۔
کوئٹہ کی ٹیم کا آغاز زیادہ اچھا نہ رہا اور ابتدائی 5 اوورز میں اس نے صرف 37 رنز کے عوض دو وکٹیں گنوادیں۔
احمد شہزاد 26 رنز اور کیون پیٹرسن بغیر کوئی رن بنائے محمد سمیع کا شکار بن گئے۔
85 کے مجموعی اسکور پر کوئٹہ کے چار کھلاڑی پولین لوٹ چکے تھے، روسو 7 اور کپتان سرفراز احمد 12 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
اسد شفیق نے محتاط انداز سے بیٹنگ کی اور کوئٹہ کو سہارا فراہم کیا، وہ 42 گیندوں پر 45 رنز بناکر واٹسن کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
اس کے بعد چھٹی وکٹ کی شراکت میں تھیسارا پریرا اور محمود اللہ نے کوئٹہ کا اسکور 148 تک پہنچا دیا۔
تھیسارا پریرا 27 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے جبکہ محمود اللہ 29 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان ہونے والے ایونٹ کے ساتویں میچ کا شائقین کو بے صبری سے انتظار تھا کیوں کہ اسلام آباد یونائیٹڈ دفاعی چیمپئن ہے جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پی ایس ایل کے پہلے ایڈیشن کی رنر اپ ٹیم ہے۔
واضح رہے کہ 13 اور 14 فروری کو پی ایس ایل میں آرام کا دن تھا جس کے بعد کھلاڑی تازہ دم ہوکر میدان میں اترے تھے۔
شارجہ کے گراؤنڈ میں کھیلا جانے والا پی ایس ایل کا یہ پہلا میچ تھا۔
میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں:
اسلام آباد یونائیٹڈ: ڈیوائن اسمتھ، سیم بلنگز، بریڈ ہیڈن، مصباح الحق (کپتان)، شین واٹسن، آصف علی، شاداب خان، ذوہیب خان، محمد سمیع، رومان رئیس، محمد عرفان۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز: اسد شفیق، احمد شہزاد، کیون پیٹرسن، ریلی روسو، سرفراز احمد (کپتان)، محمود اللہ، محمد نواز، تھیسارا پریرا، انور علی، حسن خان، عمر گل۔