قلعہء دراوڑ: شاندار ماضی کے زبون حال جھرونکے
ریاست بشمول عباسی سلطنت کے خانوادے اگر چاہیں تو ماضی کے اس عظیم تہذیبی ورثے کو آنے والی نسلوں کے لیے محفوظ بنا سکتے ہیں۔
قلعہء دراوڑ: شاندار ماضی کے زبون حال جھرونکے
فراٹے بھرتی جدید سہولتوں سے آراستہ کار میں سفر کرتے ہوئے جب پہلی نظر تاریخ کی اس عظیم عمارت پر پڑتی ہے تو ذہن صدیوں کا فاصلہ لمحوں میں طے کرتے ہوئے اس دور میں پہنچ جاتا ہے جب کوئی حسنِ ذوق رکھنے والا بادشاہ سج دھج کے چار یا چھ گھوڑوں والی بگھی میں اپنی ساخت اور فنِ تعمیر میں منفرد اس قلعے میں داخل ہوتا ہوگا۔
میلوں دور سے اس کے برج دیکھنے والوں کو اپنے سحر میں مبتلا کر دیتے ہیں۔ فنِ تعمیر کا نادر نمونہ، قلعہ دراوڑ، بہاولپور سے دو گھنٹے کی مسافت پر یزدان کے علاقے میں واقع ہے۔ اس کے پہلے معمار کے بارے میں تاریخ اگرچہ اختلافات میں گھری دکھائی دیتی ہے لیکن کچھ مورخین کا خیال ہے کہ یہ عظیم شاہکار نویں صدی میں بھٹی قبیلے کے ایک راجپوت بادشاہ رائے ججا بھٹی نے تعمیر کروایا تھا۔