بین الاقوامی سکیئرز مالم جبہ کی خوبصورتی کے دلدادہ
غیرملکی سکیئرز نے مالم جبہ کو سکی کے لیے جنت قرار دے دیا۔
مالم جبہ میں منعقدہ سکی چمپیئن شپ میں غیرملکی سکیئرز کی شرکت سے یہاں کی خوب صورتی کو چار چاند لگ گئے ہیں اور ان میں سے بعض نے 'سکی کی جنت' اور دیگر نے اس کو 'دنیا کے خوبصورت ترین سلوپس میں سے ایک' کا اعزاز دیا۔
مالم جبہ کی پہاڑی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 26 جنوری سے 3 فروری 2017 تک 'مالم جبہ انٹرنیشنل الپائن سکی کپ' جیسی بین الاقوامی سکی چمپیئن شپ منعقد ہوئی۔
مالم جبہ انٹرنیشنل الپائن سکی کپ میں پاکستان، مراکش، سلوواکیہ، سری لنکا، یونان، افغانستان، ترکی، یوکرین اور تاجکستان کے 60 سکیئرز نے حصہ لیا جن میں 50 مرد اور 10 خواتین شامل تھیں۔