پاکستان

گلگت: 'ریاست مخالف' سرگرمیوں پر مزید 2 افراد گرفتار

گرفتار ہونے والوں کا تعلق بلوارستان نیشنل فرنٹ سے ہے اور یہ لوگ اسلحہ خریدنے میں ملوث تھے، پولیس

گلگت بلتستان کی پولیس نے ریاست مخالف سرگرمیوں کے الزام میں بلوارستان نیشنل فرنٹ (بی این ایف) کے دو کارکنوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

علاقے کے ایس ایچ او ظہور احمد کے مطابق گرفتار ہونے والوں کی شناخت صفدر علی اور محبوب ایڈووکیٹ کے نام سے ہوئی ہے جو مبینہ طور پر چائنا پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کو سبوتاژ کرنے کے لیے اسلحہ خریدنے میں ملوث تھے۔

انہوں نے بتایا کہ یہ دونوں افراد 'ریاست مخالف' تقریریں بھی کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: گلگت: ریاست مخالف سرگرمیوں پر 12 افراد گرفتار

سپرنٹنڈنٹ پولیس فیصل سلطان نے بتایا کہ ان دونوں افراد کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت ریاست مخالف سرگرمیوں اور اسلحہ کی خریداری کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ جنوری کے مہینے میں بھی گلگت بلتستان کی پولیس نے ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزام میں 12 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا تھا اور ان کا تعلق بھی بلوارستان نیشنل فرنٹ سے بتایا گیا تھا۔

گلگت بلتستان کے انسپیکٹر جنرل (آئی جی) طفر اقبال اعوان نے پریس بریفنگ کرتے ہوئے بتایا تھا کہ گرفتار ہونے والے 12 افراد پاکستان مخالف نظریات کو فروغ اور غیر ملکی ایجنسیوں کے ہاتھوں میں کھیل رہے تھے۔

انہوں نے بتایا تھا کہ ’بی این ایف کا قیام 1995 میں عمل میں آیا، اس کے سربراہ عبدالحامد بلجیم میں ہیں اور وہ وہاں سے انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک نیٹ ورک بنارہے ہیں‘۔

مزید پڑھیں: "دشمن پاک چین منصوبے کو سبوتاژ کرنا چاہتا ہے"

آئی جی گلگت بلتستان نے یہ بھی دعویٰ کیا تھا کہ بھارتی خفیہ ایجنسی را بی این ایف کو فنڈنگ کرتی تھی اور اس تنظیم کے بارے میں پولیس کو شبہ ہے کہ وہ دہشت گرد سرگرمیاں کررہی ہے اور چائنا پاکستان اقتصادی راہداری اور دیامیر بھاشا ڈیم کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کررہی ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ 30 سے 35 کروڑ روپے کے منی ٹریل کا بھی سراغ لگایا گیا ہے جنہیں ہتھیاروں اور املاک کی خریداری کے لیے استعمال کیا گیا۔