دنیا

انڈونیشیا: طوفانی بارش سے 13 افراد ہلاک

حالیہ چند روز میں آنے والی طوفانی بارشوں کے باعث وسطی انڈونیشیا میں 40 ہزار سے زائد افراد متاثر بھی ہوئے۔

جکارتہ: وسطی انڈونیشیا میں طوفانی بارشوں کے بعد مٹی کے تودے گرنے سے 13 افراد ہلاک ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’اے پی‘ کے مطابق حالیہ چند روز میں آنے والی طوفانی بارشوں کے باعث وسطی انڈونیشیا میں 40 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوئے۔

انڈونیشیا کی ڈیزاسٹر تخفیف ایجنسی کا کہنا تھا کہ گزشتہ 5 روز کے دوران ہونے والی مسلسل بارشوں کے باعث دریا کی تیز لہروں نے سُمباوا جزیرے کے کناروں کو توڑ دیا، جبکہ بارش سے مغربی نوسا ٹینگارا صوبے کے 7 اضلاع بھی زیر آب آگئے۔

یہ بھی پڑھیں: انڈونیشیا میں زلزلہ، 97 افراد ہلاک

مسلسل بارشوں کے باعث پہاڑوں پر واقع متعدد دیہاتوں میں آبادی پر مٹی کے تودے گر گئے، جس کے نتیجے میں 13 افراد ہلاک ہوئے۔

واضح رہے کہ انڈونیشیا میں مسلسل بارشوں کے بعد لوگوں کو اکثر طوفان کی صورتحال کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ تودے گرنے کے واقعات بھی پیش آتے ہیں۔

انڈونیشیا میں لاکھوں لوگ پہاڑی علاقوں اور دریا کے کنارے آباد ہیں، جس کے باعث بارشوں کے موسم میں کئی بار بڑا جانی و مالی نقصان ہوتا ہے۔