دنیا

افغان سپریم کورٹ کے باہر دھماکا، 20افراد ہلاک

عدالت کی پارکنگ میں ایک خود کش بمبار نے وہاں موجود ملازمین کو نشانہ بنایا، ترجمان افغان وزارت داخلہ

کابل: افغانستان کے دارالحکومت کابل واقع سپریم کورٹ کے باہر ہونے والے خود کش دھماکے کے نتیجے میں 20افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق مقامی حکام کا کہنا ہے کہ خود کش بمبار نے سپریم کورٹ کے باہر پارکنگ ایریا کو نشانہ بنایا۔

یہ بھی پڑھیں: افغانستان: داعش کے خودکش دھماکے میں ہلاکتیں 80 ہوگئیں

افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نجیب اللہ دانش نے اے ایف پی کو بتایا کہ عدالت کی پارکنگ کے ایریا میں ایک خود کش بمبار نے وہاں موجود ملازمین کو نشانہ بنایا جو گھر واپس جانے کے لیے بس میں سوار ہورہے تھے۔

وزارت صحت کے ترجمان وحید مجروح نے بتایا کہ دھماکے کے نتیجے میں 20 افراد ہلاک اور 41 زخمی ہوگئے ۔

انہوں نے بتایا کہ زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: کابل میں پولیس کے قافلے پرخودکش حملہ،27 ہلاک

پولیس نے دھماکے کے بعد سپریم کورٹ کی جانب آنے والی سڑکوں کو بلاک کردیا جبکہ سپریم کورٹ میں کام کرنے والے ملازمین کے اہل خانہ بھی خبر سن کر عدالت کے باہر جمع ہونا شروع ہوگئے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھی کابل میں موجود پارلیمنٹ کی عمارت سے باہر نکلنے والے ملازمین کو یکے بعد دیگرے دو بم دھماکوں سے نشانہ بنایا گیا تھا اور اس کی ذمہ داری طالبان نے قبول کی تھی جبکہ ان دھماکوں میں 30 افراد ہلاک اور 80 زخمی ہوگئے تھے۔