چترال: برفانی تودہ گرنے سے 14 افراد ہلاک
پشاور؛ خیبرپختونخوا کے علاقے چترال میں برفانی تودہ گرنے سے 14 افراد ہلاک اور متعدد لاپتہ ہو گئے۔
رپورٹس کے مطابق چترال میں شوغور میں برفانی تودہ ایک گاؤں میں گھروں پر گرا، جس سے مکین ملبے تلے دب گئے۔
ڈان کو چترال اسکاؤٹس کے کمانڈنٹ کرنل نظام الدین شاہ نے بتایا کہ برفانی تودہ گرنے کی وجہ سے 5 گھر مکمل طور پر تباہ ہوئے۔
کرنل نظام الدین شاہ نے تصدیق کی کہملبے تلے دب جانے والے افراد میں سے 14 کی لاشیں نکال لی گئیں۔
چترال اسکاؤٹس کے کمانڈنٹ نے بتایا کہ امدادی کارروائیوں کے بعد 6 خواتین، 6 بچوں اور 2 مردوں کی لاشیں نکالی گئیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ علاقے میں 3 سے 4 فٹ برف پڑی ہے، جس وجہ سے راستے بند ہوگئے، تاہم امدادی ٹیم جائے وقوع پر پہنچنے کی کوشش کی۔
چترال کے ضلعی ناظم مغفرت شاہ نے بتایا کہ شوغور کے نواحی علاقے شیر سال میں رات دیر گئے برفانی تودہ گرنے کا واقعہ پیش آیا، جس وجہ سے 25 سے زائد گھر برفانی تودے کی زد میں آئے، لیکن تودے تلے دب جانے والے افراد کی حتمی تعداد سے متعلق کچھ نہیں بتایا جا سکتا۔
ضلعی ناظم کا کہنا تھا کہ علاقے میں 2 روز سے جاری برفباری کے باعث متعدد خاندان پہلے ہی محفوظ مقامات پر منتقل ہوچکے تھے، مگر کئی خاندان اب بھی علاقے میں موجود ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ برفانی تودہ گرنے کی وجہ سے لاپتہ ہونے والے افراد کی حتمی تعداد سے متعلق کچھ نہیں کہا جاسکتا۔
یہ بھی پڑھیں: چترال: برفانی تودے تلے لاپتہ 6 بچوں کی تلاش جاری
صوبائی ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے عہدیداروں کے مطابق علاقے میں شدید برفباری کے باعث راستے بند ہییں، اسی وجہ سے امدادی ٹیموں کو جائے وقوع تک پہنچنے میں مشکلات درپیش ہیں، جس وجہ سے وہاں مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیاں شروع کیں۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ حادثے کی اطلاعات ملتے ہی بھاری مشینری جائے وقوع کی جانب بھجوائی گئی ۔
مقامی افراد نے بتایا کہ برفانی تودہ گرنے کے وقت کئی افراد نے بھاگ کر جان بچائی، تاہم متعدد افراد ملبے تلے دب گئے۔
واضح رہے کہ چترال اور مضافاتی علاقوں میں 2 روز سے شدید برفباری کا سلسلہ جاری ہے، علاقے میں شدید برفباری کی وجہ سے کاروبار زندگی مفلوج ہے، کئی مقامات پر رابطہ سڑکیں بند ہوچکی ہیں، جب کہ مواصلات کا نظام بھی متاثر ہے۔
ارندو چیک پوسٹ پر برفانی تودہ گرنے سے 7 اہلکار زخمی
ضلع چترال میں ہی واقع پاک فوج کی ارندو چیک پوسٹ پر بھی برفانی تودہ گرنے سے 7 اہلکار ملبے تلے دب گئے، جنہیں فوری طور پر نکال لیا گیا۔
برفانی تودہ گرنے کی وجہ سے 7 اہلکار معمولی زخمی ہوئے، جنہیں بعد ازاں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق برفانی تودہ گرنے کی وجہ سے چیک پوسٹ کو شدید نقصان پہنچا، تاہم واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ہلاکتوں پر وزیر اعظم کی جانب سے دکھ کا اظہار
چترال میں برفانی تودہ گرنے سے ہلاکتوں پر وزیر اعظم نواز شریف نے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے نیشنل ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( این ڈی ایم اے) کو امدادی کارروائیوں میں حصہ لینے کی ہدایت کی۔
وزیر اعظم نے قدرتی آفات سے نمٹنے والے وفاقی اور صوبائی اداروں کو متاثرین کو خوراک، طبی امداد اور رہنے کے لیے عارضی طور پر متبادل جگہ فراہم کرنے کی بھی ہدایات کیں۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے بھی ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے پی ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ کو متاثرین کی ہر ممکنہ مدد کرنے کی ہدایات کیں۔
افسوس ناک واقعے پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر ثناء اللہ زہری نے بھی افسوس کا اظہار کیا۔
ملک کے دیگر علاقوں میں برفباری
چترال سمیت ملک کے دیگر علاقوں میں بھی برفباری کا سلسلہ جاری ہے، شانگلہ میں برفباری اور جگہ جگہ لینڈ سلائینڈنگ کی وجہ سے سڑکیں بند ہوگئیں، جب کہ لینڈ سلائینڈنگ کی زد میں ایک گاڑی بھی آگئی، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
گلگت بلتستان میں بھی برفباری اور لینڈ سلائینڈنگ کے باعث گلت بلتستان کا ملک کے دیگر حصوں سے زمینی رابطہ عارضی طور پر منقطع ہوگیا۔
دوسری جانب پارہ چنار میں بھی شدید برفباری کے باعث لوگ گھروں میں محصور ہوگئے اور کاروبار زندگی مفلوج ہوگئی۔
مزید پڑھیں: مانسہرہ :برفانی تودہ گرنے سے ایک شخص ہلاک
ایبٹ آباد میں بھی برفباری کے باعث سیاحوں اور مقامی افراد کی متعدد گاڑیاں گزشتہ رات سے راستوں میں پھنسے ہونے کی اطلاعات ہیں۔
ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق پھنسی ہوئی گاڑیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، زیادہ تر گاڑیاں سیاحوں کی ہیں، جب کہ شدید برفباری کی وجہ سے سڑک کو صاف کرنے والی مشینری بھی پھنس گئی۔
ایبٹ آباد کے ایوبیہ اور شانگلہ کے علاقوں سمیت مانسہرہ اور ہزارہ ڈویژن کے بالائی پہاڑی مقامات پر بھی برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔
ادھر ملک کے مختلف علاقوں میں گزشتہ دو دن وقفے وقفے سے جاری بارش اور تیز ہواؤں کے چلنے کی وجہ سے سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوگیا۔
یہ بھی پڑھیں: بارش اور برف باری سے 3 افراد ہلاک
خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برف باری کے نتیجے میں ہونے والے حادثات میں ایک خاتون اور دو بچے جاں بحق ہوگئے۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق افغان سرحد سے منسلک پاکستان کے قبائلی علاقے کرم ایجنسی کے گاؤں گوز گارہی میں مکان کی چھت گر جانے کے باعث ایک دو سالہ بچہ اور اس کی والدہ جاں بحق ہوئے۔
بلوچستان کے علاقے چاغی سے نوشکی جانے والی ایک بارات کی 6 گاڑیاں زاروچا کے علاقے میں راستہ بھٹک جانے کے باعث لاپتہ ہوگئیں تھی اور سخت سردی کے باعث ایک بچہ ہلاک اور 6 افراد بہوش ہوگئے تاہم بعد ازاں دیگر باراتیوں کو ریسکیو کرلیا گیا۔