دریائے راوی میں کشتی حادثہ، معاملہ پیچیدہ ہوگیا
انتظامیہ نے تمام افراد کو ریسکیو کرنے کا دعویٰ کیا تھا، آج صبح امدادی سرگرمیاں دوبارہ شروع کرنے سے شکوک پیدا ہوئے۔
ننکانہ صاحب: صوبہ پنجاب میں دریائے راوی میں گزشتہ روز کشتی ڈوبنے کی وجہ سے 70 سے زائد افراد کو انتظامیہ کی جانب سے ریسکیو کرنے کے دعویٰ کرنے کے باوجود امدادی کارروائیاں جاری رکھنے کی وجہ سے معاملہ پیچیدہ ہوگیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز اوکاڑہ سے ننکانہ جانے والی کشتی دریائے راوی میں زیر تعمیر سیداں والا پل سے ٹکرانے کے بعد حادثے کا شکار ہوئی تھی۔
ڈپٹی کمشنر( ڈی سی) ننکانہ سائرہ عمر کا کہنا تھا کہ کشتی میں 70 سے زائد افراد سوار تھے، جن میں سے 30 کو فوری طور پر ریسکیو کرلیا گیا تھا، بعد ازاں حکومت نے دیگر تمام افراد کو بھی ریسکیو کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔