فرانس : خنجر لہراتا حملہ آور فائرنگ سے زخمی
پیرس: دنیا کے سب سے بڑے عجائب گھر لووَر میں دو بریف کیس اور خنجر لے کر داخل ہونے کی کوشش کرنے والے مبینہ حملہ آور کو گولیاں مار کر زخمی کردیا گیا۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق ہاتھ میں خنجر لہراتے اس شخص نے سیکیورٹی اہلکار پر بھی حملے کی کوشش کی جبکہ اس سے قبل مبینہ طور پر حملہ آور نے 'اللہ اکبر‘ کا نعرہ لگایا تھا۔
واقعے کے بعد دنیا کے سب سے بڑے عجائب گھر تک جانے والے راستوں کو سیل کردیا گیا۔
فرانس کے دارالحکومت پیرس کے سٹی پولیس چیف مائیکل کیڈٹ کا صحافیوں کو بتانا تھا کہ مبینہ حملہ آور کو پانچ گولیاں ماری گئیں، اس کی حالت نازک ہے تاہم وہ زندہ ہے البتہ حملہ آور کے پاس موجود دونوں بریف کیس میں کوئی بارودی مواد موجود نہیں تھا۔
دوسری جانب فرانسیسی وزیر اعظم برنارڈ کیزینیو نے حملے کو دہشت گردی قرار دیا۔
فرانس کی وزارتِ داخلہ کے ترجمان پیری ہینری بینڈٹ کا صحافیوں کو بتانا تھا کہ حملہ آور کی شناخت اور قومیت اب تک معلوم نہیں ہوسکی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایلان کردی بھی چارلی ہیبڈو کی شرانگیزی کا شکار
واضح رہے کہ یہ حملہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب فرانس میں صدارتی انتخابات چند ماہ کی دوری پر ہیں اور ملک میں سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔