پاکستان

اسلام آباد میں پولیس کی فائرنگ، نوجوان جاں بحق

سیکٹر آئی ٹین ون کےقریب ایگل اسکواڈ کےاہلکار نےناکے پر ایک گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا،تاہم نہ رکنے پر فائرنگ کردی،پولیس

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تھانہ سبزی منڈی کے علاقے میں ایک پولیس اہلکار کی فائرنگ سے نوجوان ہلاک ہوگیا، جبکہ فائرنگ کرنے والا اہلکار اپنے ساتھی سمیت موقع سے فرار ہوگیا۔

پولیس کے مطابق واقعہ اسلام آباد کے سیکٹر آئی ٹین ون کے قریب پیش آیا، جہاں ایگل اسکواڈ کے اہلکار نے ناکے پر ایک گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا، تاہم نہ رکنے پر فائرنگ کردی۔

اہلکار سمیع اللہ نیازی نے گاڑی پر عقب سے تین فائر کیے—۔فوٹو/ شکیل قرار

فائرنگ کے نتیجے میں کار سوار نوجوان تیمور ریاض ہلاک ہوگیا، جبکہ گاڑی میں موجود لڑکی محفوظ رہی۔

پولیس کے مطابق نوجوان کی لاش کو پمز ہسپتال جبکہ لڑکی کو تھانے منتقل کردیا گیا۔

پولیس فائرنگ سے ہلاک ہونے والے نوجوان کا تعلق مردان اور لڑکی کا تعلق لاہور سے بتایا جارہا ہے۔

دوسری جانب ذرائع کے مطابق فائرنگ کرنے والے پولیس اہلکار کے خلاف تھانہ سبزی منڈی میں مقتول کے بھائی کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔

ایف آئی آر کے مطابق اہلکار سمیع اللہ نیازی نے گاڑی پر عقب سے تین فائر کیے، جن میں سے ایک گولی نوجوان تیمور کے سر میں عقب سے لگی اور اس کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی۔

واقعے کے بعد نوجوان کے ورثاء نے آئی جے پی روڈ پر احتجاج کیا اور نوجوان کی لاش ایمبولینس میں رکھ کر سڑک بند کردی، جس کے باعث وہاں گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

ورثاء کا مطالبہ تھا کہ جب تک ملزمان کو گرفتار نہیں کیا جاتا، احتجاج جاری رہے گا۔