پاکستان

اسلام آباد انتظامیہ کو اوبر،کریم کے خلاف ایکشن نہ لینے کی ہدایت

وزیرداخلہ چوہدری نثارنےہدایت جاری کی ہیں کہ اوبر اورکریم کے خلاف فی الوقت کوئی ایکشن نہ لیا جائے، ڈپٹی کمشنراسلام آباد

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے اسلام آباد کیپیٹل ٹیراٹری اتھارٹی (آئی سی ٹی) کی جانب سے سفری سہولیات فراہم کرنے والی کمپنیوں کریم اور اوبر کے خلاف کریک ڈاؤن کا نوٹس لے لیا۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کیپٹن (ر) مشتاق احمد نے بتایا، 'وزیر داخلہ نے ہدایت جاری کی ہیں کہ اوبر اور کریم کے خلاف کوئی ایکشن نہ لیا جائے'۔

یاد رہے کہ گذشتہ برس دسمبر کے آخر میں اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے سفری سہولیات فراہم کرنے والی تمام کمپنیوں کو سروس روکنے کے حوالے سے نوٹس جاری کیا تھا، کیونکہ وہ کمرشل گاڑیوں کا استعمال نہیں کر رہی تھیں۔

مزید پڑھیں:اوبر اور کریم سے گاڑیوں کا ریکارڈ طلب

ان کمپنیوں کے اسلام آباد میں موجود دفاتر کو سیل کردیا گیا تھا، تاہم کچھ ہی عرصے بعد انھوں نے اپنی سروس دوبارہ بحال کردی تھی۔

وزارت داخلہ کے ایک ترجمان نے اپنے مختصر بیان میں کہا کہ چوہدری نثار علی خان نے ڈپٹی کمشنر کی جانب سے اوبر اور کریم پر پابندی لگائے جانے کی خبروں کا نوٹس لے کر ان سے اس حوالے سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

بیان میں کہا گیا، 'عوام کو ایک سستی اور معیاری سفری سہولت سے محروم نہیں کیا جاسکتا'۔

یہ بھی پڑھیں:کریم، اوبر کےخلاف کارروائی: مایوس عوام انتظامیہ پر برس پڑے

ڈان سے بات کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ وزیر داخلہ نے انھیں ہدایات دی ہیں کہ وہ فی الوقت ان کمپنیوں کے خلاف کوئی ایکشن نہ لیں۔

انھوں نے بتایا، 'غیر رجسٹرڈ ٹیکسی سروس کے خلاف ہماری مہم میں صرف اوبر اور کریم کو نشانہ نہیں بنایا گیا، بلکہ ہم نے متعدد دیگر گاڑیوں کے خلاف بھی ایکشن لیا'۔

مزید پڑھیں:سندھ میں کریم اور اوبر سروسز کے خلاف کارروائی شروع

ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کیپیٹل ٹیراٹری اتھارٹی اس حوالے سے کام کر رہی ہے کہ کس طرح ان ایپ بیسڈ سروسز کو رجسٹر کیا جاسکتا ہے۔

یہ خبر 3 فروری 2017 کے ڈان اخبار میں شائع ہوئی