انسٹاگرام میں ملٹی فوٹو پوسٹ کا فیچر متعارف
انسٹاگرام نے آخرکار بیک وقت کئی تصاویر کو پوسٹ کرنے کا فیچر متعارف کرانے کا فیصلہ کرلیا۔
فی الوقت صرف اشتہاری کمپنیوں کو ہی کئی تصاویر ایک پوسٹ میں شائع کرنے کی اجازت ہے مگر اب عام صارفین بھی اس سے مستفید ہوسکیں گے۔
اینڈرائیڈ کے لیے انسٹاگرام کے بِیٹا ورژن میں یہ فیچر دیا گیا ہے جو کہ ملٹی فوٹو گیلریز کو پوسٹ کرنا ممکن بنا دے گا۔
اس کے لیے آپ کو کسی تصویر پر کلک کرنے کے بجائے اسے کچھ دیر تک دبا کر رکھنا ہوگا جس کے بعد آپ 10 تصاویر یا ویڈیوز کو سلیکٹ کرکے انہیں پوسٹ کرسکیں گے۔
انسٹاگرام فالورز اور دیگر صارفین انہیں کسی عام پوسٹ کی طرح ہی دیکھ سکیں گے۔
فی الحال چونکہ یہ فیچر بِیٹا ورژن میں ہے لہذا عام صارفین اسے استعمال کرنے سے قاصر ہیں اور ابھی تک یہ واضح نہیں کہ اسے کب تک باقاعدہ طور پر متعارف کرایا جائے گا۔
انسٹاگرام نے اس حوالے سے تاحال کوئی بیان جاری نہیں کیا مگر توقع ہے کہ بہت جلد انسٹاگرام کا یہ البم فیچر صارفین کے استعمال میں ہوگا۔
اس بات کا بھی امکان ہے کہ اس کے بعد انسٹاگرام کی جانب سے شیڈول پوسٹس کا فیچر بھی متعارف کرایا جاسکتا ہے۔