صحت

گیلےہاتھوں پر جھریاں کیوں پڑتی ہیں؟

سائنسدان آخرکار اس راز سے پردہ اٹھانے میں کامیاب ہوگئے کہ گیلے ہونے پر ہاتھوں پر جھریاں کیوں پڑجاتی ہیں۔

آپ مانیں یا نہ مانیں مگر آج سے پہلے سائنسدانوں کو یہ علم نہیں تھا کہ گیلے ہونے پر ہاتھوں پر جھریاں کیوں پڑجاتی ہیں۔

مگر اب اس راز سے پردہ ہٹ گیا ہے اور یہ واضح ہوگیا ہے کہ اس سے گیلی چیزوں پر گرفت بہتر ہوتی ہے۔

یہ دعویٰ برطانیہ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا۔

نیو کیسل یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ پانی میں کچھ دیر بعد ہاتھوں کی انگلیوں پر بننے والی جھریاں جلد کے نیچے خون کی شریانیں سکڑنے سے بنتی ہیں۔

اس تحقیق کے دوران مختلف رضاکاروں پر تجربات کیے گئے۔

ان رضاکاروں میں سے کچھ کے ہاتھ خشک جبکہ دیگر کے آدھے گھنٹے تک پانی میں بھگو کر رکھنے کے بعد ماربل سمیت مختلف گیلی یا خشک اشیا پکڑنے کی ہدایت کی گئی۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ جن لوگوں کے ہاتھ میں پانی کے نتیجے میں جھریاں نمودار ہوئیں وہ گیلے ماربل کو خشک ہاتھوں والوں کے مقابلے میں زیادہ تیزی سے پکڑ رہے تھے۔

محققین کا کہنا تھا کہ یہ جھریوں زدہ انگلیاں ہمارے آباﺅ اجداد کو پانی کے چشموں یا گیلی جگہوں سے غذا اکھٹا کرنے میں مدد دیتی تھیں۔

محققین کے مطابق اب ہمیں ویسی محنت تو نہیں کرنا پڑتی مگر یہ جھریاں گیلی جگہوں پر بہتر گرفت فراہم کرتی ہیں۔